اوچ شریف:تجاوزات مافیاء کی وجہ سے تاریخی شہر کی پہچان ختم ہونے لگی

اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) تجاوزات مافیا کے باعث تاریخی شہر کا حسن گہنا گیا، مین بازار کا آدھے سے زیادہ حصہ تجاوزات کی زد میں، گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا، میونسپل کمیٹی اور انتظامیہ کی کارکردگی صفر،پیدل شہری سڑکوں پر خواری کے باعث تکرار معمول،شہریوں کا ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ،

تفصیلات کے مطابق اوچ شریف شہر کے بازاروں کی گزرگاہوں اورسڑکوں پر تجاوزات کی بھر مار ہے، دکانداروں نے سڑکوں کے بیشتر حصوں پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے، شہر کے بازاروں اور فٹ پاتھوں پر دکانداروں نے اپنی اشیاء سجا رکھی ہیں جبکہ فٹ پاتھوں پر تجاوزات قائم ہونے کے باعث راہگیروں کو گزرنے میں سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے،

میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسداد تجاوزات کی مبینہ ملی بھگت کی وجہ سے تجاوزات بڑھ چکی ہیں، شہر کی مین سڑکوں پر قبضہ مافیا کی اجارہ داری پائی جاتی ہے شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ میونسپل کمیٹی کا شعبہ انسداد تجاوزات کا عملہ منتھلیاں کھری کرنے میں مصروف ہے، جس کی وجہ سے غوث الاعظم چوک، الشمس چوک، سبزی منڈی کے ایریا میں ریڑھی بانوں سمیت دیگر مافیا نے سڑکوں ، فٹ پاتھوں پر تجاوزات کے قبضے جما رکھے ہیں۔ اور ماہانہ بھتہ وصولی کی جارہی ہے جس میں دکانداروں کے علاوہ میونسپل کمیٹی ملازمین کے بھی شراکت داری بارے انکشاف ہوا ہے،

دکانوں کے مالکان مبینہ طور پر دکانوں کے آگے کچھ حصہ خالی رکھتے ہیں تاکہ گاہکوں کو آنے اور ان سے ڈیلنگ میں آسانی لیکن پھر یہ سلسلہ اتنا آگے بڑھتا ہےکہ آدھی سڑک پر دکانداروں کا قبضہ ہوجاتا ہے۔ بازار میں تجاوزات میں اہم کردار دکان دار حضرات اپنی دکانوں کے آگے خود ٹھیلے یا پتھارے لگوا دیتے ہیں اور کسی کو کرایہ پر چڑھا دیتے ہیں، دکاندار اپنے اس فعل کی دلیل پیش کرتے ہیں کہ انہی پتھاروں کی بدولت انکی دکان کے اخراجات کرایہ وغیرہ پورے کرنے میں مدد ملتی ہے۔

دوسری جانب ان تجاوزات کا فائدہ ریڑھی بان اور تھڑوں پر بیٹھنے والے خوانچہ فروش بھی اٹھاتے ہیں، اس بدترین مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے سڑکوں فٹ پاتھوں پر ٹھیلے لگانے کے رحجان میں اضافہ ہورہا ہے۔ اور یہ رحجان جہاں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے رکاوٹ ہے وہیں عوام کیلئے بھی تکلیف کا سبب بن رہے ہیں، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے

Leave a reply