تیل اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گا وزیر خزانہ شوکت ترین
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ تیل اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گا لیکن یہ اضافہ آئی ایم ایف کی مرضی کے مطابق نہیں ہوگا۔
باغی ٹی وی :مشیر خزانہ شوکت ترین کے مطابق آئی ایم ایف نے کہا کہ آپ کو 600 ارب کا پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیویز (پی ڈی ایل) رکھنا ہو گا لیکن ہم نے کہا کہ پی ڈی ایل 600 ارب رکھنے کا مطالبہ نہیں مانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایل کے مسئلے پر کافی بحث ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایل بڑھنے سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نظرآئے گا انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیویز میں اضافے کا بھی کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں بھی ہم نے رعایت لی۔
شوکت ترین نے کہا کہ آئی ایم ایف سے بہت مشکل مذاکرات تھے، ہم اپنے مؤقف پر قائم رہے ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں گروتھ ہماری 5 فیصد ہو گی شوکت ترین نے واضح طور پر کہا کہ سیلز ٹیک استشنیٰ کم ہو گا مگر سارا نہیں ہو گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان سنگل ونڈو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیرخزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 سال میں عالمی تجارت بری طرح متاثر ہوئی جبکہ پیداواری لاگت اور شپنگ کے اخراجات بہت زیادہ بڑھے وسیع تر اصلاحات پر مشتمل یہ نظام تجارتی سرگرمیاں بڑھائے گا، تجارتی سرگرمیوں کا جی ڈی پی اور گروتھ سے براہ راست تعلق ہوتا ہے۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سنگل ونڈو گورننس اور تجارتی سرگرمیوں کا آسان ترین نظام ہے، حکومت ہر شعبے میں بہتری کے لیے اصلاحات جاری رکھے ہوئے ہے پاکستانی تاجروں کے لیے تجارتی مواقع بھی پیدا ہوئے، کاروباری لاگت اور وقت کی بچت سے برآمدات پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔