وفاقی وزیرترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو بحالی اور تعمیر کے راستے پر گامزن کر دیا ہے۔ پائیدار معاشی ترقی کیلئے انتشار سے بچنا ہوگا۔ جدید معیشت میں توانائی کا شعبہ پانی، ہوا اور خوراک کی طرح بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیرترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال نےمربوط انرجی پلاننگ اوریوایس ایڈ کے زیراہتمام منعقدہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کیا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ مخلوط حکومت ملکی معیشت کو بحالی اور تعمیر کے راستے پر گامزن کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ معاشی ترقی کیلئے ہمیں انتشار اور عدم استحکام سے بچنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران سے نکلنے کیلئے مستبقل کے لائحہ عمل اور پالیسیوں کو سائنسی بنیادوں پر تیار کرنا ہوگا۔ توانائی کے شعبے میں مربوط پلاننگ کا یہ منصوبہ سال 2016 میں شروع کیا گیا تھا اور اس منصوبے کے تحت مستقبل میں توانائی کے بحرانوں سے بچنے میں کامیاب ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں مسابقت کی جنگ کیلئے سستی اورکلین انرجی کا انتظام ضروری ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ جدید معیشت میں توانائی،پانی، ہوا اور خوراک کی طرح بنیادی ضرورت ہے۔ ویژن 2025 میں توانائی، خوراک اور پانی کی سیکیورٹی کومربوط کیا گیا ہے۔پانی کو پہلے بجلی پیدا کرنے اور پھر زرعی شعبے کیلئے استعمال کیا جانا چاہئے۔

Shares: