پیسے لے کر بگ باس کا فائنل کیوں چھوڑا؟ راکھی نے وجہ بتا دی
بھارت کے مقبول اور متنازع ترین ریئلٹی شو ‘بگ باس’ کے سیزن 14 میں بالی وڈ اسکینڈل کوئین راکھی ساونت گرینڈ فنالے میں پہنچنے کے باوجود پیسے لے کر شو چھوڑگئی تھیں۔
باغی ٹی وی : راکھی ساونت 14 لاکھ روپے لے کر شو چھوڑنے والی پہلی امیدوار تھیں اور اب انہوں نے اپنے اس فیصلے سے متعلق انکشاف کیا ہے۔
بگ باس 21 فروری کو اپنے اختتام کو پہنچا جس کی فاتح بھارتی اداکارہ روبینہ دلیک قرار پائیں جبکہ گلوکار راہول ویدیا دوسرے نمبر پر رہے۔
سیزن 14 کے فائنل میں پہنچنے والوں میں 5 امیدواروں میں راکھی ساونت بھی شامل تھیں لیکن وہ 14 لاکھ روپے کی پیشکش قبول کرکے گرینڈ فنالے چھوڑ گئی تھیں اور اب انہوں نے بتایا ہے کہ یہ انہوں نے اپنی ماں کے علاج کے لئے کیا ہے-
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق راکھی ساونت کا کہنا ہے کہ مجھے شو میں اپنے سفر پر فخر ہے اور مجھے اس بات کا کوئی افسوس نہیں کہ میں آخر تک نہیں رکی اور 14 لاکھ روپے لے کر باہر آگئی۔
راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ لوگ مجھے کہہ رہے ہیں کہ مجھے وہیں رکنا چاہیے تھا، کہ میں شو جیت سکتی تھی یا دوسرے نمبر پر آجاتی لیکن میں چانس نہیں لینا چاہتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میری والدہ کی سرجری ہونے کا امکان ہے مجھے پیسوں کی اشد ضرورت ہے اور میرا بینک بیلنس صفر ہے میں کیش لے کر چلی گئی کیونکہ دوسرے یا تیسرے رنر اپ کو کچھ نہیں ملتا اور میں کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہتی تھی۔
راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ انہیں والدہ کے علاج، کیموتھراپی کے لیے رقم کی ضرورت تھی میرے لیے اپنی ماں سے بڑھ کرکچھ بھی نہیں ٹرافی بھی نہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میرے لیے مداحوں کی محبت اور سلمان خان کی طرف سے دیا گیا بریسلیٹ ٹرافی کی طرح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ میرا بگ باس 14 میں آنا درست فیصلہ تھا اور مجھے امید ہے کہ میری با لی وڈ میں واپسی اب آسان ہوگی۔
اپنی شادی شدہ زندگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے راکھی ساونت نے کہا کہ جو کچھ بھی انہوں نے بگ باس میں کہا ان کے شوہر کا اس پر کیا ردعمل ہے نہیں پتہ کیونکہ بگ باس سے باہر آنے کے بعد سے شوہر سے بات نہیں ہوسکی، ان سے بات کرنا اور جاننا چاہتی ہوں کہ اس سب پر ان کی کیا رائے ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی شادی حقیقت میں ہوئی ہے اور یہ بات پبلسٹی کے لیے نہیں کی تھی بلکہ انہوں نے اپنے قریبی دوستوں جیسا کہ بھارتی سنگھ کو ان کی تصویر دکھائی تھی۔