کالے ہرن شکار کیس میں سلمان خان کے خلاف راجستھان حکومت کی درخواست مسترد

0
45

کالے ہرن شکار کیس میں جودھ پور عدالت نے بالی وڈ سُپر اسٹار سلمان خان کے خلاف راجستھان حکومت کی جانب سے دائر کی گئی درخواست مسترد کردی۔

باغی ٹی وی : بھارتی خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق کالا ہرن شکارکیس سے متعلق جودھ پورکی ڈسٹرکٹ اور سیشن عدالت میں سماعت ہوئی۔ دوران سماعت عدالت نے کالے ہرن شکار کیس میں اداکار سلمان خان کے خلاف راجستھان کی حکومت کی جانب سے دائر کردہ درخواست مسترد کردی۔


یاد رہے کہ ریاستی حکومت نے 2003 میں سلمان خان کے خلاف اسلحہ لائسنس کے حوالے سے عدالت میں جعلی حلف نامہ پیش کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

9 فروری 2021 کو جودھ پور کی عدالت میں کالے ہرن کے غیر قانونی شکار سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی جس میں سلمان خان ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے تھے۔ اس موقع پر سلمان خان کے وکیل ہستیمل سرسوت نے عدالت کو بتایا تھا کہ اگست 2003 میں غلطی سے جعلی حلف نامہ جمع کرایا گیا تھا۔ سلمان خان مصروفیات کے باعث بتانا بھول گئے تھے کہ ان کے اسلحہ کا لائسنس تجدید کے لیے گیا ہوا ہے اسی وجہ سے انہوں نے عدالت میں کہا کہ ان کا لائسنس گم ہوگیا ہے اور جعلی حلف نامہ جمع کرایا، لہذا سلمان خان کو غلطی کی بنیاد پر معاف کیا جائے۔

تاہم حکومتی وکیل بھوانی بھاٹی نے عدالت سے درخواست کی تھی اداکار کے خلاف عدالت کو گمراہ کرنے کا مقدمہ درج کیا جائے۔ عدالت نے دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد کیس کا فیصلہ 11 فروری جمعرات تک موخر کردیا تھا تاہم اب جمعرات کو عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے اداکار کے خلاف ریاستی حکومت کی درخواست مسترد کردی۔


اے این آئی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ عدالت کے باہر سلمان خان کے وکیل نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جودھ پور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ایک تفصیلی حکم میں ریاستی حکومت کی دونوں درخواستوں کو خارج کردیا ہے۔

وکیل نے کہا کہ ہم نے 2006 میں ہی جواب دیا تھا کہ سلمان خان نے عدالت میں کوئی جھوٹا حلف نامہ پیش نہیں کیا تھا اور ایسی درخواستوں کو صرف سلمان خان کو پریشان کرنے کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

سلمان خان نے عدالت کی جانب سے ان کے خلاف درخواست مسترد ہونے پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سلمان خان نے اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ انسٹاگرام پراپنی ایک تصویر شیئر کی اور لکھا میرے تمام مداحوں آپ سب کی سپورٹ، اور فکر کا بہت شکریہ۔ خیال رکھو اپنا اور اپنے گھروالوں کا مجھے آپ سب سے بے حد محبت ہے۔

سلمان خان نے2003 میں جعلی حلف نامہ پیش کرنے پر عدالت سے معذرت کرلی

Leave a reply