پاکستان کے نوجوانوں میں بڑی صلاحیت موجود ہے،وفاقی سیکرٹری اطلاعات

0
48

وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول (NASFF-21) کی سکالرشپس حاصل کرنے والے کامیاب امیدواروں کے اعزاز میں ظہرانہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا مقصد نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول کی سکالرشپس جیتنے والے نوجوانوں کی عالمی شہرت یافتہ فلم انسٹی ٹیوٹ نیویارک فلم اکیڈمی، آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے روانگی سے قبل کامیابی کو منانا تھا۔

تقریب میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد، ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز (ڈی ای ایم پی) عمرانہ وزیر، ایڈیشنل سیکرٹری مبشر توقیر، ڈائریکٹر (ڈی ای ایم پی) آصف الرحمان، آئی ایس پی آر کے افسران بریگیڈیئر عمران نقوی اور میجر احمد بٹ نے بھی شرکت کی۔

نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول سکالرشپس حاصل کرنے والے حمزہ بن افتخار، عقیدہ چشتی، روح اللہ کشفی، شاہ زیب علی، ثقلین عباس، حذیفہ احمد، مریم نقوی، وشال کدوانی، عرفان نور بخش اور حارث لطیف جبکہ ایفنیٹی سے صبا چوہان، میثم رضا اور محمد یاسر بھی موجود تھے۔

سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول (NASFF-21) کے سکالرشپس حاصل کر نے والے نوجوانوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بڑی صلاحیت موجود ہے۔نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول پلیٹ فارم پاکستان کے نوجوانوں کے لیے اس شعبے میں اپنا کیرئیر بنانے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تخلیقی صلاحیتوں اور مہارتوں کے اظہار کے لیے ایسے ایونٹس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

اس موقع پر آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر (پروڈکشنز) بریگیڈیئر عمران نقوی نے خطاب کرتے ہوئے نیو یارک فلم اکیڈمی، آسٹریلیا میں ایک سالہ ڈپلومہ کی سکالرشپ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک بہترین موقع ہے اور انہیں اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے۔ اپنے ڈپلومہ کی تکمیل کے بعد وہ پاکستان کی خدمت کے لیے واپس لوٹیں گے اور اندرون و بیرون ملک کا مثبت تشخص پیش کریں گے۔ انہوں نے اسکالرشپ کی سپانسر شپ اور نوجوان طلباء کی صلاحیتوں پر اعتماد کرنے پر ایفنیٹی (Afiniti) کے نمائندوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول نوجوانوں کو میڈیا سائنسز اور فلم سازی کے میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔

Leave a reply