کراچی حملہ ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی اداروں نے دشمن کا بہادری سے مقابلہ کیا، وزیر اعظم
پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملہ ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی اداروں نے بہاردی سے دشمن کا مقابلہ کیا
وزیراعظم عمران خان نے کراچی سٹاک ایکسچینج پر دہشت گردی حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا سیکیورٹی اداروں کے جوانوں نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا اور اس حملہ کو ناکام بنایا۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے، شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کی صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں۔
دوسری جانب گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر فائرنگ اور دستی بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔
گورنر سندھ نے آئی جی کو فون کر کے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھا سٹاک ایکسچینج کو سیکیورٹی فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے، سٹاک ایکسچینج پر حملہ پاکستان کی معیشت پر حملہ ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس، رینجرز کی طرف سے بر وقت کارروائی کو سراہا۔ مراد علی شاہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت دے دی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملہ ملکی سلامتی اور معیشت پر حملے کے مترادف ہے، وبائی صورتحال کے پیش نظر ملک دشمن عناصر ناجائز فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، واقعے کی مکمل تفصیلی انکوائری کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔
واضح رہے کہ کراچی سٹاک مارکیٹ پر دہشت گردوں کا حملہ سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا، حملے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 5 افراد شہید ہو گئے جبکہ چاروں دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
4 دہشتگردوں نے آج صبح سٹاک مارکیٹ پر دستی بموں سے حملہ کر دیا جبکہ آٹو میٹک ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی جس کی زد میں آ کر ایک پولیس اہلکار اور 4 سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہو گئے، اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ تبادلے میں چاروں حملہ آور مارے گئے۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ تحقیقاتی اداروں نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔ کراچی پولیس چیف نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سٹاک مارکیٹ پر دہشتگرد حملہ ناکام بنا دیا گیا جبکہ حملہ کرنے والے چاروں دہشتگردوں کو بروقت کارروائی میں ہلاک کر دیا گیا۔ ایس ایس پی مقدس حیدر کے مطابق ایک پولیس اہلکار اور 3 سکیورٹی اہلکار واقعے میں جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ دہشت گردوں کی گاڑی تحویل میں لے لی ہے، برآمد کئے گئے اسلحے میں دستی بم اور آٹو میٹک رائفلیں شامل ہیں