مسافر بس نے موٹر سائیکل سواروں کو روند ڈالا،1 بچی جاں بحق،کوئٹہ میں نوجوان جاں بحق

0
66

گوجرہ /کوئٹہ :گوجرہ کے انڈر پاس کے قریب مسافر بس اور موٹر سائیکل سواروں کے درمیان خطرناک تصادم کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے،تفصیلات کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 8سالہ بچی جاں بحق جبکہ والدہ سمیت 2افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ مرنے والی بچی کی شناخت منیحہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ شدید زخمیوں میں 30سالہ طیبہ اور اظہر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ حادثہ بس ڈرائیور کی غفلت اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

دنیا بھرمیں ٹریفک حادثے انسانی جانوں کے لیے ایک بڑے خطرے کے طور پر سامنے آ رہے ہیں، عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال لاکھوں افراد ٹریفک حادثات کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

ایک عالمی تحقیقاتی ادارے کے مطابق پاکستان میں ہلاکتوں کا باعث بننے والے پچاس عوامل اوربیماریوں میں ٹریفک حادثات پندرہویں نمبر پر ہیں۔

پاکستان میں ایڈز، ناقص خوراک، مرگی، تشدد کئی قسم کے سرطان اور خود کشیوں کی وجہ سے انفرادی طور پر ہونے والی اموات سے ٹریفک حادثات میں مرنے والے لوگوں کی تعداد زیادہ ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ ٹریفک حادثات موٹر سائیکل سواروں آٹو رکشا والوں اور موٹر کاروں اور وینز چلانے والوں کو پیش آئے اس کے بعد بسوں اور ٹرکوں کے حادثات رپورٹ ہوئے ہیں۔

ادھر بلوچستان کے شہر دکی میں گیس لیکج کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دکی کے علاقے کلی سراج الدین ناصر میں گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے نوجوان جانبحق ہوگیا، جانبحق ہونے والے نوجوان کی شناخت بخت محمد ولد کمال خیل ناصر کے نام سے ہوئی ہے۔

ہسپتال ذرائع کا ہے کہ بخت محمد غسل خانے میں گیس لیکج کی وجہ سے دم گھٹنے کی وجہ سے جانبحق ہوا۔

واضح رہے کہ گیس لیکج گیزر کی وجہ سے ہوئی۔یہ بھی یاد رہے کہ کچھ روز قبل راولپنڈی میں بھی گھر میں گیس لیکج سے گھر کی چھت تباہ ہوگئی تھی ۔

گیس لیکج دھماکے سے خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جھلس گئے تھے، جن کو بروقت ہولی فیملی ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

ترجمان ریسکیو کا کہنا تھا کہ جھلس جانے والوں میں راج ولی اور اس کا بھائی کاشف علی جبکہ ان دونوں کی بیویاں اور 4 کم عمر بچے شامل ہیں۔

Leave a reply