پی سی بی کو کلبز رجسٹریشن کی کتنی درخواستیں وصول ہوئیں؟

0
30

پی سی بی کو کلبز رجسٹریشن کی کتنی درخواستیں وصول ہوئیں؟

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شروع ہونے والے کلب رجسٹریشن کے لیے درخواستوں کی وصولی کا عمل مکمل ہوگیاہے۔ ملک بھر سے تعلق رکھنے والے متعدد کرکٹ آرگنائزرز کی درخواست پر 22 سے 28 اپریل تک درخواستوں کی وصولی کے لیے کھولی گئی اضافی ونڈو میں پی سی بی کو مزید 178 درخواستیں وصول ہوئیں۔

لہٰذا، پی سی بی کو موصول ہونے والی کُل درخواستوں کی تعداد 3989 ہوگئی ہے جوکہ ماضی کی نسبت 30 فیصد زائد ہے، اگست 2019 سے نافذالعمل نئے آئین سے قبل 3115 کلبز پی سی بی کے ساتھ رجسٹرڈ تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شروع کیے جانے والے کلبز کی رجسٹریشن کے اس عمل کا پہلا مرحلہ 10 مارچ سے 8 اپریل جبکہ دوسرا مرحلہ 22 سے 28 اپریل تک جاری رہا۔پی سی بی کو سب سے زیادہ درخواستیں خیبرپختونخوا کرکٹ ایسوسی ایشن سے موصول ہوئیں ، جن کی کُل تعداد 865 رہی۔ سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن سے 827 کلبز نے رجسٹریشن کے عمل میں حصہ لیا۔ سندھ سے 710، سدرن پنجاب سے 537 ، ناردرن سے 517 اور بلوچستان سے 533 کلبز نے رجسٹریشن کے لیے درخواستیں جمع کروائیں۔سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز میں سے پی سی بی کو سب سے زیادہ درخواستیں لاہور سے موصول ہوئیں، جہاں سے 244 کرکٹ کلبز نے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ کراچی سے 233 کرکٹ کلبز پی سی بی کے ساتھ رجسٹریشن کے خواہشمند ہیں۔

اس کے علاوہ فیصل آباد سے 106، حیدر آباد سے 102، راولپنڈی سے 93، بنوں اور کوئٹہ سے بالترتیب 85 اور 83 کرکٹ کلبز نے رجسٹریشن کے لیے درخواستیں جمع کروائیں۔ سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن سےپی سی بی کو سب سے زیادہ بہاولنگر سے 63 کلبز کی جانب سے رجسٹریشن کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ رجسٹریشن کی درخواستوں کی وصولی کے اختتام پر اب رجسٹریشن جمع کروانے والے درخواست گزار کامیاب کلبز کے صدور کو ان کے رجسٹرڈ ای میل ایڈریس پر ایک آن لائن لنک بھجوایا جائے گا، جہاں انہیں ممبرشپ اور کھلاڑیوں کی کٹیگریز سے متعلق معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔

Leave a reply