1980 کی دہائی کی اے آئی تصویر نے 45 سال سے مفرور چور پکڑوا دیا

1980 کی دہائی کے فیشن پر مبنی اے آئی فوٹو ٹرینڈ نے 45 سال سے پولیس کی نظروں سے اوجھل ایک خاتون چور کو پکڑوانے میں اہم کردار ادا کردیا۔
یہ دلچسپ واقعہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے تقریباً 45 سال قبل اپنی جوانی کے دوران سنار کی دکان سے سونا چوری کیا تھا اور کئی دہائیوں تک بھیس بدل کر قانون کی گرفت سے دور زندگی گزارتی رہی۔
پولیس کو طویل عرصے تک خاتون کا کوئی سراغ نہ مل سکا، جس کے باعث کیس کی فائل بھی بند کردی گئی تھی۔ حالیہ عرصے میں 1980 کی دہائی کے فیشن پر مبنی اے آئی فوٹو ٹرینڈ سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہوا تو اس ٹرینڈ سے متاثر ہوکر مذکورہ خاتون نے بھی اپنی تصویر 1980 کی دہائی کے انداز میں تبدیل کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو اتفاقاً یہ اسی سنار تک بھی پہنچ گئی جس کی دکان سے کئی دہائیاں قبل سونا چوری ہوا تھا۔ سنار نے تصویر میں خاتون کو پہچان لیا اور مبینہ طور پر فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرکے شکایت درج کرادی۔
شکایت کے بعد کئی دہائیوں سے محفوظ کیس کی فائل دوبارہ کھولی گئی اور خاتون کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سنار کے سامنے آنے کے بعد خاتون نے مبینہ طور پر اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے کیے پر معذرت کرلی۔
تاہم خاتون نے چوری کیا گیا سونا واپس کرنے سے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ کئی دہائیاں گزرنے کے دوران وہ سونا خرچ کرچکی ہے۔
مزید پڑھیں





