پیر، 16 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

28 ویں آئینی ترمیم، اقلیتیں اور ریفرنڈم،تحریر:خالد شہزاد

نقطہ نظر
khalid shehzad b

پاکستان کی سیاسی اور آئینی تاریخ میں مذہبی اقلیتوں کی پارلیمانی نمائندگی ہمیشہ ایک حساس اور حل طلب موضوع رہی ہے۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947ء کی تاریخی تقریر میں ایک ایسی ریاست کا تصور پیش کیا تھا جہاں تمام شہری بلاامتیاز مذہب و نسل مساوی حقوق کے حامل ہوں، تاہم گزشتہ سات دہائیوں کے دوران انتخابی نظام میں ہونے والے بار بار کے تجربات کبھی مخلوط انتخاب، کبھی جداگانہ طرزِ انتخاب، اور کبھی سیاسی جماعتوں کی صوابدید پر مبنی مخصوص نشستوں نے اقلیتی برادریوں کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنانے کے بجائے انہیں سیاسی طور پر مزید کمزور بے بس کر دیا ہے۔ آج جب ملک میں متوقع 28 ویں آئینی ترمیم اور آئینی اصلاحات کی بازگشت سنائی دے رہی ہے، تو یہ سوال شدت سے ابھر رہا ہے کہ کیا عوام کی براہِ راست رائے (ریفرنڈم) یا آئینی ترمیم کے ذریعے اقلیتوں کو اپنے نمائندے خود منتخب کرنے کا اختیار واپس دیا جا سکتا ہے؟

موجودہ نظامِ انتخاب اور مخصوص نشستوں کی ناکام پالیسی نے

2002ء میں جنرل پرویز مشرف کے لیگل فریم ورک آرڈر (LFO) کے تحت مخلوط انتخاب کا فارمولا دیا گیا اور اقلیتوں کے لیے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستیں متعارف کرائی گئیں، جنہیں بعد ازاں 2010ء میں اٹھارویں آئینی ترمیم کے ذریعے برقرار رکھا گیا۔ بظاہر اس نظام کا مقصد اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنا اور انہیں پارلیمان میں آواز دینا تھا، لیکن عملی طور پر یہ طریقہ کار "سلیکشن" (نامزدگی) بن کر رہ گیا ہے۔موجودہ نظام کے تحت اقلیتی نشستیں سیاسی جماعتوں کو ان کی جیتی ہوئی جنرل نشستوں کے تناسب سے ملتی ہیں، اور جماعتوں کی قیادت اپنی ترجیحی فہرست کے مطابق افراد کو اسمبلیوں میں بھیجتی ہے۔ اس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہوا ہے کہ یہ اراکینِ اسمبلی اپنی برادری کے ووٹرز کے سامنے جوابدہ ہونے کے بجائے صرف اپنی پارٹی قیادت کے وفادار ہوتے ہیں۔ اقلیتی عوام کا یہ شکوہ خاصا وزن رکھتا ہے کہ مخصوص نشستوں پر ایوانوں تک پہنچنے والے بیشتر نمائندے اپنی کمیونٹی کے بنیادی مسائل جیسے جبری تبدیلی مذہب، عبادت گاہوں کا تحفظ، ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد اور تعلیمی پسماندگی، سیاسی عمل سے دوری،محدود ترقیاتی فنڈ جیسے مسائل کو حل کرنے کے بجائے ذاتی مفادات، اپنی سماجی تنظیموں (NGOs) کے فروغ اور غیر ملکی فنڈز کے حصول تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ نتیجتاً، عام اقلیتی شہری آج بھی غربت، بے روزگاری اور سماجی ناانصافی کی تاریک گلیوں میں بھٹک رہا ہے اور خود کو پارلیمان میں غیر نمائندہ محسوس کرتا ہے۔اقلیتی حلقوں کی اکثریت اس بات پر متفق دکھائی دیتی ہے کہ جب تک نمائندوں کا انتخاب براہِ راست ووٹ کی طاقت سے نہیں ہوگا، تب تک نچلی سطح پر حقوق کی منتقلی محض ایک خواب رہے گی۔ اس مسئلے کے دو ممکنہ حل پیش کیے جاتے ہیں: پہلا، جداگانہ طرزِ انتخاب (Separate Electorate)، جس میں اقلیتی ووٹر ملک یا صوبے کی سطح پر حلقہ بندیوں کے ذریعے براہِ راست اپنے اقلیتی نمائندوں کو ووٹ دے کر منتخب کریں؛ اور دوسرا، دوہرے ووٹ کا حق (Dual Vote)، جس کے تحت اقلیتی شہری جنرل نشستوں پر اپنے حلقے کے امیدوار کو ووٹ دینے کے ساتھ ساتھ مخصوص نشستوں پر بھی براہِ راست اپنے نمائندے کا انتخاب کریں۔

یہاں یہ نکتہ بھی قابلِ غور ہے کہ ماضی میں خود اقلیتی قیادت کے ایک حصے نے جداگانہ انتخاب کی مخالفت اس بنیاد پر کی تھی کہ اس سے وہ قومی دھارے سے کٹ جائیں گے اور مسلم امیدوار ان کے ووٹوں سے بے نیاز ہو جائیں گے۔ لیکن موجودہ مخصوص نشستوں کے تجربے نے ثابت کر دیا ہے کہ پارٹی ٹکٹوں پر نامزد ہونے والے نمائندے برادری کے اصل ترجمان نہیں بن سکے۔ اگر نمائندے براہِ راست ووٹ لے کر آئیں گے تو انہیں پانچ سال بعد دوبارہ عوام کے پاس جانا ہوگا، جس سے احتساب اور جوابدہی کا ایک فطری نظام وجود میں آئے گا۔پاکستان کے 1973ء کے آئین کے تحت انتخابی نظام میں کسی بھی بنیادی تبدیلی کے لیے آئین کے آرٹیکل 51 اور آرٹیکل 106 میں ترمیم ناگزیر ہے، جس کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں (قومی اسمبلی اور سینیٹ) سے دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔ متوقع 28 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے ملک میں مختلف انتظامی و قانونی اصلاحات پر بحث جاری ہے، جو حکمران اشرافیہ اور پالیسی سازوں کے لیے ایک سنہری موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ اقلیتوں کی محرومیوں کا ازالہ کریں۔ جہاں تک ریفرنڈم کا تعلق ہے، تو جمہوری اصولوں کے مطابق ریفرنڈم بلاشبہ عوامی رائے جاننے کا سب سے معتبر ذریعہ ہے۔ تاہم، آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 48(6) کے تحت ریفرنڈم کا انعقاد وزیراعظم کی ایڈوائس پر قومی اہمیت کے کسی معاملے پر عوامی رائے لینے کے لیے کیا جا سکتا ہے، لیکن آئین کی شقوں کو تبدیل کرنے کا حتمی اختیار پارلیمنٹ ہی کے پاس ہے۔ یعنی ریفرنڈم کے ذریعے اقلیتی برادری یا پوری قوم کی رائے ضرور لی جا سکتی ہے تاکہ سیاسی جماعتوں پر اخلاقی اور عوامی دباؤ ڈالا جا سکے، مگر اسے قانونی شکل دینے کے لیے 28 ویں آئینی ترمیم جیسی پارلیمانی قانون سازی بہرحال ضروری ہوگی۔

متوقع 28 ویں آئینی ترمیم، ریفرنڈم کے زریعے اقلیتوں کےلیے جداگانہ الیکشن کی راہ ہموار کرکے اقلیتی عوام کی اکثریت رائے لیکر ملک کے اہم فیصلے کرنے والی شخصیات بزریعہ ۲۸ ویں آئینی ترمیم یا پھر ریفرنڈم کے زریعہ اقلیتوں کو جداگانہ انتخابات کے زریعے اپنے نمائیندے حلقہ بندیوں کے ساتھ منتخب کرنے کا اختیار دیا جائے۔