ابوظبی: ہوٹل کے باہر لڑائی میں ملوث 8 افراد جبکہ ویڈیو بنانے والے 2 افراد بھی گرفتار

ابوظبی میں ہوٹل کے باہر ہنگامہ آرائی اور لڑائی میں ملوث تمام افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں لڑائی میں براہِ راست ملوث 8 افراد کے علاوہ ویڈیو بنانے والے 2 افراد بھی شامل ہیں۔
اماراتی میڈیا کے مطابق ابوظبی پولیس نے ہوٹل کے داخلی دروازے پر ہونے والے جھگڑے کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لڑائی فریقین کے درمیان پرانے اختلافات اور رنجشوں کے باعث شروع ہوئی تھی، جو بعد ازاں شدت اختیار کر گئی اور ہوٹل کے دروازے پر ہنگامہ آرائی میں تبدیل ہوگئی۔
ابوظبی پولیس کی خصوصی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور صورتحال پر قابو پایا۔ کارروائی کے دوران لڑائی میں براہِ راست ملوث 8 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ واقعے کی ویڈیو ریکارڈ کرنے والے 2 افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق تمام 10 گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور انہیں مزید کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ابوظبی پولیس نے واضح کیا ہے کہ املاک، امن و امان اور شہریوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے یا عوامی تحفظ کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی طرزِ عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
مزید پڑھیں




