ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے والے طیارے کو امریکی ایف 16 نے روک لیا

ڈیوڈ کیمپ کے قریب ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے والے طیارے کو امریکی ایف 16 نے روک لیا-
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی فضائی دفاعی کمانڈ (نوراد) کے ایف 16 لڑاکا طیارے نے ہفتے کی صبح ریاست میری لینڈ کے علاقے تھر منٹ کے اوپر ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے والے ایک نجی طیارے کو روک لیا،واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میری لینڈ میں واقع صدارتی رہائش گاہ کیمپ ڈیوڈ میں موجود تھے۔ طیارے کو حفاظتی کارروائی کے بعد ممنوعہ علاقے سے بحفاظت باہر نکال دیا گیا۔
امریکی نارتھ امریکن ایرو اسپیس ڈیفنس کمانڈ سے وابستہ فرسٹ ایئر فورس کے مطابق یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 7 بج کر 50 منٹ پر پیش آیا۔ ایف 16 نے طیارے کے پائلٹ کی توجہ حاصل کرنے اور رابطے کے لیے شعلہ نما فلیئرز بھی فائر کیے، جو زمین پر مو جود افراد کو بھی دکھائی دے سکتے تھے، فلیئرز سے زمین پر موجود لوگوں کو کوئی خطرہ نہیں تھا۔ نوراد کے طیارے نے عمومی ہوا با زی کے اس طیارے کو محفوظ طریقے سے ممنوعہ فضائی حدود سے باہر نکال دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جمعہ کی شام میری لینڈ کے کیٹو کٹن پہاڑی سلسلے میں واقع کیمپ ڈیوڈ پہنچے تھے اور ہفتے کے اختتام تک وہیں قیام متوقع تھا، امریکی حکام کے بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے والا طیارہ صدر ٹرمپ یا کیمپ ڈیوڈ کے لیے کسی خطرے کا باعث تھا۔





