ڈی جی خان،بغل چور روڈ پر منشیات اور شراب فروشی کا کاروبار جاری

بغل چور روڈ پر منشیات اور شراب فروشی کا کاروبار جاری ہونے کا الزام، بارڈر ملٹری پولیس اور پنجاب پولیس سے مشترکہ کارروائی کا مطالبہ
ڈیرہ غازی خان باغی ٹی وی نیوز (رپورٹر شاہد خان ) موضع جیدی، بغل چر روڈ کے علاقے میں مبینہ طور پر منشیات فروشوں، شراب فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کے حوالے سے عوامی و سماجی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق بارڈر ملٹری پولیس تھانہ سخی سرور کی حدود سمیت پنجاب پولیس کے دائرہ اختیار سے ملحقہ علاقوں میں بھی مبینہ طور پر منشیات فروشی اور شراب کی خرید و فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان سرگرمیوں کے باعث کئی خاندان متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ علاقے میں منشیات کے کاروبار کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، کمشنر ڈیرہ غازی خان، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان، پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہِ سلیمان اور ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سے مطالبہ کیا ہے کہ موضع جیدی اور بغل چر روڈ کے علاقے میں منشیات فروشی کے خلاف فوری نوٹس لیا جائے۔
مطالبہ کیا گیا ہے کہ بارڈر ملٹری پولیس اور پنجاب پولیس کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے کر علاقے میں مؤثر کارروائی اور کریک ڈاؤن کیا جائے، منشیات فروشوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور نوجوان نسل کو منشیات کے نقصانات سے محفوظ بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ عوام کے تحفظ اور علاقے میں امن و امان کی بہتری کے لیے اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
مزید پڑھیں





