اسحاق ڈار کی استنبول میں آر-4 کے اجلاس میں شرکت ، سعودی عرب کیساتھ یکجہتی کا اظہار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترکیہ کے شہر استنبول میں علاقائی ممالک کے فورم آر- 4 کے چھٹے وزارتی اجلاس میں شرکت کی، جس میں پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے۔
اجلاس میں ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان، سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود اور مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں نیویارک میں ہونے والے گزشتہ اجلاس کے بعد خطے میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور سیکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چاروں وزرائے خارجہ نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے حمایت کا اعادہ کیا۔
اجلاس میں سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے حوثی حملوں کی مذمت کی گئی اور ریاستوں کی خودمختاری کے احترام پر زور دیا گیا۔
چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ نے علاقائی ہم آہنگی مضبوط بنانے اور خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے بھی تبادلہ خیال کیا۔
مزید پڑھیں





