Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

گولڈ میڈلیسٹ لائبہ اعجاز کیس:ایجنٹ بن کر فراڈ کرنے والا ملزم گرفتار


انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کی گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز کو امریکی یونیورسٹی میں داخلے کے جعلی کاغذات فراہم کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔


پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کو اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 13 سے گرفتار کیا گیا، جہاں وہ مبینہ طور پر کرائے کے کمرے میں چھپ کر رہ رہا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے موبائل فون سے آن لائن فراڈ اور خواتین کو بلیک میل کرنے کے شواہد بھی ملے ہیں۔ ملزم ماضی میں کو ئٹہ کے محکمہ انسدادِ بدعنوانی میں کام کر چکا تھا، جہاں سے اسے معطل کیا گیا، جبکہ وہ اسلام آباد کی ایک کمپنی سے بھی وابستہ رہا ہے۔


میڈیا رپورٹ کے مطابق لائبہ اعجاز کی لاش اسلام آباد کے سیکٹر جی 10 میں سڑک کنارے لٹکی ہوئی ملی تھی۔ پولیس کے مطابق امریکی یونیورسٹی میں داخلے کے لیے ایک ایجنٹ کی جانب سے فراہم کردہ دستاویزات جعلی ثابت ہونے کے بعد طالبہ شدید پریشانی کا شکار تھیں۔ پولیس موت کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے۔


 اہلخانہ نے بتایا کہ لائبہ نے اسلامی یونیورسٹی سے گولڈ میڈل کے ساتھ بی ایس کیا، وہ مزید تعلیم کے لیے امریکا جانا چاہتی تھی,بیرون ملک جانے کے لیے ایک کنسلٹنٹ نے امریکی یونیورسٹی میں داخلہ کرانے کے لیے 70 لاکھ روپے مانگے، موٹر سائیکل پر دودھ فروخت کرنے وا لےوالد نے پلاٹ بیچ کر 21 لاکھ روپے کیش اور والدہ نے زیور بینک میں گروی رکھ کر باقی رقم ایجنٹ کو ادا کی، لائبہ نے دستاویزات چیک کرائیں توجعلی نکلیں، لڑکی نے اپنے ماموں کو آخری میسج کیا جس میں اس کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ ہونیوالے فراڈ کا میرے والد کو نہ بتانا، وہ مرجائیں گے۔


وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل اور چیف کمشنر کو ملزم کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے مطابق وزارت داخلہ نے بھی ایف آئی اے کو فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی انکوائری کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔