پاکستان اور سعودیہ کے درمیان ڈپلومیٹک اور آفیشل پاسپورٹ پر ویزا کی شرط ختم کرنے کا معاہدہ

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ڈپلومیٹک، آفیشل اور اسپیشل پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کا معاہدہ طے پایا ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نیو یارک میں اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کو نشانہ بنانے والے حالیہ حملوں کی مذمت کی جب کہ اس دوران مکہ دفاعی معاہدے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی اور سرکاری/خصوصی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزے کی شرائط کے خاتمے کے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
https://x.com/ForeignOfficePk/status/2102253278142808494?s=20
اس حوالے سے سعودی اخبار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے مختصر مدت کے رہائشی ویزے کے باہمی استثنا کے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
معاہدے پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائن پر دستخط کیے۔
https://x.com/MIshaqDar50/status/2102137485447049393?s=20
اسحاق ڈار نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روا بط اور ادارہ جاتی تعاون مزید آسان ہوگا اور باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں دیرینہ برادرانہ تزویراتی شراکت داری کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
مزید پڑھیں





