افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے، 22 فتنۃ الہندوستان ہلاک

وزارت اطلاعات و نشریات نے بتایا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر کامیاب فضائی کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 22 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق آپریشن ’غضب لِلحق‘ اور دہشتگردوں، ان کے نیٹ ورکس اور معاونین کے خاتمے کے عزم کے تحت افغانستان میں دہشتگرد تنظیموں ’فتنۃ الخوارج‘ اور ’فتنۃ الہندوستان‘ کے ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف منصوبہ بندی کے تحت فضائی کارروائیاں کی گئیں۔
وزارت اطلاعات کے مطابق قابل اعتماد انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر افغانستان میں 2 مقامات پر ’فتنۃ الخوارج‘، ’فتنۃ الہندوستان‘ اور ان سے منسلک عناصر کے دہشتگرد کیمپوں اور ٹھکانوں کو درست نشانہ بنایا گیا، کارروائی میں متعدد دہشتگرد مارے گئے۔
https://x.com/MoIB_Official/status/2105499733699731661?s=20
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فضائی حملوں میں 22 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ دہشتگردوں کے ٹھکانوں میں ذخیرہ کیا گیا بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کردیا گیا، پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کے قیام کی کوشش کی ہے، تاہم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کا دہشتگردی کا مرکز بنے رہنا باعث تشویش ہے اور پاکستان کو درپیش دہشتگردی کا خطرہ افغانستان سے ہے، اسی تناظر میں دہشتگردوں کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا،کارروائی کے دوران زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ کوئی غیر متعلقہ نقصان نہ ہو۔
مزید پڑھیں





