Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

آئندہ ماہ 30 سال سے زیر التوا سکھر حیدر آباد موٹر وے کی تعمیر شروع کرنے کا اعلان


وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے سکھر حیدرآباد موٹروے ایم 6 کی تعمیر اگلے ماہ نومبر میں شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 30 برس سے زیر التوا اس تاریخی منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے ابتدائی کام تیزی سے جاری ہے۔


چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر اپنے ردعمل میں ایکس پر جاری پیغام میں وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ 3 دہائیوں بعد موٹروے ایم 6 کی تعمیر شروع ہونے جا رہی ہے اور نومبر میں منصوبے کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھا جائے گا، اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ انہیں ایم 6 جیسے تاریخی منصوبے کو عملی شکل دینے کا موقع مل رہا ہے۔


ان کے مطابق سکھر حیدرآباد موٹروے نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان میں تجارتی سرگرمیوں کو نئی رفتار دے گی بلکہ ملک کی معاشی ترقی اور علاقائی رابطوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی، موٹروے ایم 6 سندھ اور پاکستان کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، جس کی تکمیل سے سندھ میں رابطوں اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کے ساتھ ملک کے وسیع تر موٹروے نیٹ ورک کو بھی تقویت ملے گی۔


https://x.com/abdul_aleemkhan/status/2106393830727545056?s=20


عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ سکھر حیدرآباد موٹروے کے سنگ بنیاد کی تقریب میں صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی کابینہ کے معزز اراکین کو بھی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔


وفاقی وزیر مواصلات کا یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایم 6 منصوبہ طویل عرصے سے تاخیر کا شکار رہا ہے، حالیہ سرکاری و پارلیمانی بریفنگ میں بھی نومبر 2026 میں تعمیر شروع کرنے کا ہدف سامنے آیا تھا۔