بدھ، 11 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سی ڈی اے نے بری امام ہاؤس کو غیر قانونی قبضے کی جگہ قرار دے دیا


اسلام آباد کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے بری امام ہاؤس عمارت کو قبضے کی جگہ پر قرار دے دیا,سی ڈی اے نے عدالت سے حکم امتناع ختم کرنے اور کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی استدعا کردی۔


سی ڈی اے نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع کراتے ہوئے بری امام ہاؤس کو غیر قانونی قبضے کی جگہ قرار دے دیا۔ اتھارٹی کا مؤقف ہے کہ سرکاری ریکارڈ میں اس نام سے کوئی عمارت موجود نہیں، جبکہ بری امام دربار اور بری امام ہاؤس دو الگ مقامات ہیں, اور نورپور شاہان کی زمین سی ڈی اے ماضی میں ایکوائری کرچکا اور اس جگہ کی ادائیگی بھی مالکان کو کرچکا ہے۔ 


سی ڈی اے کے جواب میں کہا گیا ہے کہ حضرت بری امام دربار کی جگہ الگ نمبروں کے ساتھ سرکاری ریکارڈ میں درج ہے،  بری امام ہاؤس نامی عمارت کاحضرت بری امام دربارکی جگہ سےکوئی تعلق نہیں، محض بری امام ہاؤس کانام دینے یا اسے مزارسے منسلک کر نے سے درخواست گزار کو اس زمین کا قانونی حق حاصل نہیں ہوتا۔


عدالت میں جمع جواب میں کہا گیا کہ محلِ وقوع اور محکمہ مال ریکارڈ کےمطابق بری امام ہاؤس اور بری امام دربار 2 الگ الگ جگہیں ہیں، ان دونوں کو ایک ہی جائیداد تصور نہیں کیاجاسکتاہے، درخواست گزار کے پاس اس (بری امام ہاؤس) جگہ پر قبضے یا استعمال کا کوئی قانو نی اختیار نہیں, عدالت نے سی ڈی اے کا جواب لیے بغیر حکم امتناع جاری کیا، درخواست گزار کی قانونی حیثیت اور درخواست کے قابلِ سما عت ہونے پر سی ڈی اے کا اعتراض ہے، رواں ہفتے کیس جلد سماعت کے لئے مقرر کیا جائے۔


واضح رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری امام ہاؤس کی جانب سے درخواست گزار کو حکم امتناع دے رکھا ہے اور سی ڈی اے نے حکم امتناع ختم کرانے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔