5 سال میں 10 لاکھ گھروں کی تعمیر وزیراعلیٰ پنجاب کا ہدف ہے،عظمیٰ بخاری

صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف 5 سال میں 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا ہدف رکھتی ہیں اور منصوبہ اسی رفتار سے آگے بڑھایا جائے گا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہاؤسنگ اسکیم ’اپنی چھت اپنا گھر‘ کو عالمی اعزاز ملنے پر اسے پنجاب اور پاکستان کے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت کم آمدن والے خاندانوں کو بلا سود قرضوں کے ذریعے اپنے گھر کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروگرام کو اقوام متحدہ کے ادارے یو این ہیبی ٹیٹ کا سکرول آف آنر ایوارڈ ملا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی عوامی خدمات کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے،ایوارڈ کے لیے منتخب 5 منصوبوں میں پنجاب کا منصوبہ پہلے نمبر پر آیا، جو صوبے کے لیے بڑا اعزاز ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت اب تک 2 لاکھ 30 ہزار افراد کو چھت فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ منصوبے کا آغاز 2024 میں ہوا تھا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب 5 سال میں 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا ہدف رکھتی ہیں اور منصوبہ اسی رفتار سے آگے بڑھایا جائے گا،منصوبے کے تحت ایک سے 10 مرلہ تک کا پلاٹ رکھنے والے افراد کو گھر کی تعمیر کے لیے بلا سود قرض فراہم کیا جا ر ہا ہے، جس کی ادائیگی 9 سال میں کی جاتی ہے منصوبہ میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر ہے اور اس میں کسی سفارش کی ضرورت نہیں۔
وزیر اطلاعات نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایک ایسا گروہ موجود ہے جسے ملک میں ہونے والی ہر اچھی خبر سے تکلیف ہوتی ہے، خیبرپختونخوا میں 13 سال کے دوران کم آمدن والے افراد کے لیے ’اپنی چھت اپنا گھر‘ جیسا منصوبہ کیوں شروع نہیں کیا گیا، تحریک انصاف کے دور کے ’ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر‘ کے وعدے عملی شکل اختیار نہ کر سکے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت کے منصوبے اور سابق حکومت کے ہاؤسنگ منصوبے میں بنیادی فرق ماڈل کا ہے؛ پنجاب کے منصوبے میں قرض پر سود صوبائی حکومت ادا کر رہی ہے جبکہ سابق منصوبے میں سود کی ادائیگی شہریوں کو کرنا تھی۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ عالمی ایوارڈ صرف وزیراعلیٰ مریم نواز کا نہیں بلکہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کا اعزاز ہے تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب کو سب سے زیادہ پذیرائی ملی اور ’اپنی چھت اپنا گھر‘ دنیا میں تیزی سے آگے بڑھنے والے منصوبوں میں شامل ہے۔
بلال یاسین نے بتایا کہ منصوبے کے تحت 2 لاکھ 20 ہزار خاندانوں کو رقوم فراہم کی جا چکی ہیں، ایک لاکھ 22 ہزار خاندان اپنے گھروں میں رہنا شروع کر چکے ہیں، جبکہ 278 ارب روپے کی رقم عام آدمی میں تقسیم کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام رقم سود سے پاک ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب نے ہاؤسنگ کے شعبے میں اہم سنگ میل عبور کیا ہے اور کم آمدن والے خاندانوں کے اپنے گھر کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں ’اپنی چھت اپنا گھر‘ نے اہم کردار ادا کیا ہے منصوبہ صرف 2 سال کی کم ترین مدت میں اس بڑے پیمانے تک پہنچا، تحریک انصاف کے دور میں ایک گھر بھی مکمل نہیں ہوا، جبکہ موجودہ حکومت کو دھرنوں یا سیاسی نعروں پر نہیں بلکہ عوامی خدمت کے عملی منصوبوں پر عالمی سطح پر اعزاز مل رہا ہے۔
مزید پڑھیں





