ڈرامہ سیریل ’’سیریل کلر‘‘ — عمیرہ احمد کا سنسنی خیز کرائم تھرلر،از قلم: مریم ڈار
نقطہ نظرپاکستانی ٹیلی ویژن پر جہاں زیادہ تر ڈرامے خاندانی مسائل، محبت، شادی بیاہ، ساس بہو کی چپقلش اور روایتی رشتوں کے گرد گھومتے ہیں، وہاں گرین انٹرٹینمنٹ نے ایک مختلف اور جرات مندانہ قدم اٹھاتے ہوئے ڈرامہ سیریل ’’سیریل کلر‘‘ پیش کیا۔ یہ محض ایک کرائم ڈرامہ نہیں بلکہ سسپنس، نفسیات، انسانی رویوں اور جرائم کی پیچیدہ دنیا کو سامنے لانے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔ عمیرہ احمد کی تحریر، فہد نور کی ہدایت کاری اور صبا قمر سمیت دیگر فنکاروں کی عمدہ اداکاری نے اسے ایک مکمل پیسہ وصول پروجیکٹ بنا دیا ہے۔ ڈرامے کی ایک خاص بات جس نے مجھے مقناطیسی قوت کے ساتھ اپنی طرف کھینچا، وہ اس کی حقیقت سے قریب تر لوکیشنز ہیں۔ ڈرامے میں دکھائی جانے والی تقریباً ہر جگہ اپنی اصل حالت میں نظر آتی ہے۔ چاہے وہ بس اسٹینڈ ہو، پولیس اسٹیشن یا بیوٹی پارلر، کہیں بھی مصنوعی سیٹ یا غیر ضروری شو شا کا سہارا نہیں لیا گیا۔ ہر مقام اپنی فطری شکل میں دکھائی دیتا ہے، جس سے کہانی میں حقیقت کا رنگ مزید گہرا ہو جاتا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے آپ کسی ڈرامے کا حصہ نہیں بلکہ حقیقی زندگی میں ہونے والے واقعات کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہوں۔
27 دسمبر 2023 کو گرین انٹرٹینمنٹ پر نشر ہونے والے اس ڈرامے نے اپنی پہلی ہی قسط سے ناظرین کی توجہ حاصل کر لی۔ کہانی کا آغاز ایک نوجوان ماڈل کے پراسرار قتل سے ہوتا ہے۔ ابتدا میں یہ ایک عام قتل کا واقعہ محسوس ہوتا ہے، لیکن جیسے جیسے پولیس کی تفتیش آگے بڑھتی ہے، ایک کے بعد ایک ایسے واقعات سامنے آنے لگتے ہیں جو اس معاملے کو کہیں زیادہ خوفناک اور پیچیدہ بنا دیتے ہیں۔ جلد ہی اندازہ ہوتا ہے کہ یہ کسی عام مجرم کی کارروائی نہیں بلکہ ایک ایسے شخص کا کھیل ہے جو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت قتل کر رہا ہے۔
یہیں سے کہانی ایک دلچسپ کرائم تھرلر کا روپ دھار لیتی ہے۔ ہر نیا قتل پچھلے واقعے سے جڑتا محسوس ہوتا ہے، لیکن ساتھ ہی کئی نئے سوالات بھی جنم لیتے ہیں۔ ناظرین مسلسل یہ سوچنے پر مجبور رہتے ہیں کہ اصل قاتل کون ہے؟ اس کے محرکات کیا ہیں؟ اور کیا پولیس اس کے اگلے وار سے پہلے اس تک پہنچ پائے گی؟
ڈرامے کا مرکزی کردار ایس پی سارہ سکندر ہے، جسے صبا قمر نے ادا کیا ہے۔ سارہ ایک ذہین، بہادر اور اپنے پیشے سے غیر معمولی لگاؤ رکھنے والی پولیس افسر ہے۔ وہ جرائم کی تفتیش کرتے ہوئے جذبات کے بجائے شواہد اور حقائق پر توجہ دیتی ہے۔ لیکن اس کردار کی خوبصورتی صرف اس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نہیں، بلکہ اس کی ذاتی زندگی اور اندرونی کشمکش میں بھی ہے۔ وہ دوسروں کے لیے انصاف تلاش کرتے ہوئے خود بھی اپنے ماضی، خوف اور جذباتی الجھنوں سے نبرد آزما نظر آتی ہے۔
صبا قمر نے سارہ سکندر کے کردار میں اپنی اداکاری کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔ ان کے چہرے کے تاثرات، مکالموں کی ادائیگی اور ایک سنجیدہ پولیس افسر کے طور طریقوں میں خاصی پختگی نظر آتی ہے۔ انہوں نے کردار کو محض ایک سخت مزاج خاتون پولیس افسر تک محدود نہیں رکھا بلکہ اس کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو بھی اجاگر کیا ہے۔ فائزہ گیلانی کی اداکاری بھی خصوصی تعریف کی مستحق ہے۔ ان کا کردار اور اسے ادا کرنے کا انداز کہانی میں ایک الگ رنگ پیدا کرتا ہے۔ واہ بھئی! کیا کہنا! بعض اوقات ایک مضبوط ولن اپنی اداکاری سے ہیرو / ہیروئین کے کرداروں کے برابر توجہ حاصل کر لیتا ہے، اور فائزہ گیلانی نے اس بات کو ثابت کیا ہے۔ سبینہ فاروق نے بھی اپنے کردار میں مناسب توازن اور اعتماد دکھایا ہے۔ مجموعی طور پر کاسٹ کی پرفارمنس ڈرامے کے ماحول اور کہانی کی سنجیدگی سے مطابقت رکھتی ہے۔
ہدایت کار فہد نور نے بھی کہانی کے سنسنی خیز ماحول کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ کیمرے کے زاویے، مناظر کی ترتیب، مکالموں کے درمیان خاموشی اور واقعات کو بتدریج سامنے لانے کا انداز ڈرامے کی فضا کو مؤثر بناتا ہے۔ کرائم تھرلر میں ہر منظر کا اپنا ایک مقصد ہونا چاہیے، اور غیر ضروری طوالت سے بچنا بھی اہم ہوتا ہے۔ اس اعتبار سے ڈرامے کی پیشکش روایتی پاکستانی ڈراموں سے مختلف محسوس ہوتی ہے۔
ایک اور اہم پہلو اس کا نسبتاً میچور اور بولڈ موضوع ہے۔ پاکستانی ٹیلی ویژن پر جرائم، قتل اور نفسیاتی پیچیدگیوں جیسے موضوعات کو اس انداز میں پیش کرنے کے مواقع کم ملتے ہیں۔ یہاں تخلیق کاروں نے ایک ایسے موضوع کو چھیڑا ہے جو عام گھریلو ڈراموں سے بالکل مختلف ہے۔ بعض مناظر اور موضوعاتی پہلوؤں کو دیکھتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ اگر سنسرشپ کی پابندیاں کم ہوتیں یا انسان الفاظ میں سنسر بورڈ کی قینچی نہ چلتی تو یہ ڈرامہ بین الاقوامی معیار کے کرائم تھرلرز کی صف میں کھڑا ہونے کی صلاحیت رکھتا تھا۔
مجموعی طور پر ’’سیریل کلر‘‘ گرین انٹرٹینمنٹ کی ان قابلِ ذکر پیشکشوں میں شامل ہے جنہوں نے پاکستانی ڈرامے کے روایتی دائرے سے باہر نکل کر ایک مختلف صنف میں کام کرنے کی کوشش کی۔ یہ ان لوگوں کے لیے ایک بہترین انتخاب ہے جو محبت کی روایتی کہانیوں اور خاندانی جھگڑوں سے ہٹ کر کچھ نیا دیکھنا چاہتے ہیں۔میری نظر میں ’’سیریل کلر‘‘ ایک ایسا ڈرامہ ہے جسے صرف اس لیے نہیں دیکھنا چاہیے کہ اس میں قتل، پولیس اور مجرم کی کہانی ہے، بلکہ اس لیے بھی کہ یہ پاکستانی ٹیلی ویژن پر مختلف موضوعات کے لیے جگہ بنانے کی ایک اچھی مثال ہے۔
اگر آپ کو سسپنس، کرائم انویسٹی گیشن، نفسیاتی کھیل اور ایسے کردار پسند ہیں جن کے بارے میں آخری لمحے تک فیصلہ کرنا مشکل ہو، تو ’’سیریل کلر‘‘ ضرور دیکھیے۔ ممکن ہے آپ ایک قسط دیکھنے بیٹھیں اور اگلی کئی اقساط بھی دیکھتے چلے جائیں۔ایک مختلف موضوع، مضبوط اداکاری اور سنسنی سے بھرپور کہانی — واقعی ایک مکمل پیسہ وصول پروجیکٹ!
مزید پڑھیں





