جمعرات، 19 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سیوا اکوفا سے فاطمہ اصغر تک ،تحریر: نعیم خان

نقطہ نظر

اسلام آباد میں تیرہ سالہ فاطمہ اصغر کی موت نے ایک بار پھر ہمارے معاشرے کے سامنے ایک ایسا سوال رکھ دیا ہے جس سے نظریں چرانا آسان نہیں۔ ایک کم سن بچی جس عمر میں اسے کتابوں کے ساتھ ہونا چاہیے تھا وہ ایک گھر میں کام کر رہی تھی۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اس کے جسم پر تشدد کے متعدد نشانات تھے اور موت کی وجہ بار بار ہونے والا جسمانی تشدد قرار دیا گیا۔ پولیس نے اس واقعے میں ایک خاتون اور ایک قاری کو گرفتار کیا ہے جبکہ ایف آئی اے کے متعلقہ افسر کو عہدے سے ہٹا کر ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ تاہم ابھی تفتیش جاری ہے اور کسی شخص کا جرم عدالت میں ثابت ہونا باقی ہے مگر ایک سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ آخر ایک بچی اس حال تک پہنچی کیسے اور اس کی حفاظت کی ذمہ داری کس پر تھی؟

فاطمہ کا واقعہ کسی ایک گھر کی چار دیواری تک محدود نہیں ، یہ ہمارے معاشرتی نظام کی اس کمزوری کو بے نقاب کرتا ہے جہاں غربت، بے بسی اور کم عمری کو بعض اوقات سستے گھریلو کام کا ذریعہ سمجھ لیا جاتا ہے۔ بچے تعلیم، تحفظ اور بہتر مستقبل کے حق دار ہیں لیکن جب انہیں گھروں، ورکشاپوں، کارخانوں یا دوسرے کام کی جگہوں پر ایسے حالات میں رکھا جائے جہاں ان کی عزت، صحت اور جان خطرے میں ہو تو یہ محض غربت کا مسئلہ نہیں رہتا یہ انسانی حقوق اور ریاستی ذمہ داری کا معاملہ بن جاتا ہے۔

یہاں ایک بات واضح رہنی چاہیے کہ بچوں پر تشدد، جبری مشقت اور جنسی استحصال پاکستان تک محدود نہیں ، دنیا کے ترقی یافتہ ممالک بھی اس مسئلے سے محفوظ نہیں۔ فرانس میں سیوا اکوفا سلیادین نامی پندرہ سالہ لڑکی کو برسوں تک بلا معاوضہ گھریلو کام پر مجبور رکھا گیا۔ یورپی عدالتِ انسانی حقوق نے 2005ء میں قرار دیا کہ فرانس اس بچی کو جبری مشقت سے بچانے کے لیے مؤثر تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہا۔ امریکہ میں بھی 2023ء میں محکمۂ محنت کی تحقیقات کے دوران آٹھ ریاستوں کے تیرہ گوشت پراسیسنگ مراکز میں 102 بچوں کو خطرناک مشینوں اور کیمیائی مادوں کے ساتھ رات کی شفٹوں میں کام کرتے پایا گیا۔ کمپنی کو پندرہ لاکھ ڈالر جرمانہ ادا کرنا پڑا۔ یہ مثالیں بتاتی ہیں کہ جدید قوانین اور ترقی یافتہ معیشتیں بھی بچوں کے استحصال کو مکمل طور پر ختم نہیں کر سکیں۔

عالمی ادارۂ محنت اور یونیسف کی 2024ء کے اعدادوشمار پر مبنی مشترکہ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 13 کروڑ 80 لاکھ بچے چائلڈ لیبر میں مصروف تھے، جن میں 5 کروڑ 40 لاکھ بچے ایسے خطرناک کام کر رہے تھے جو ان کی صحت اور سلامتی کے لیے نقصان دہ ہیں۔ اقوام متحدہ کے منشیات و جرائم سے متعلق ادارے کی انسانی اسمگلنگ پر 2024ء کی رپورٹ بھی بتاتی ہے کہ 2022ء میں سامنے آنے والے بچوں کے اسمگلنگ کے متاثرین کی تعداد 2019ء کے مقابلے میں 31 فیصد زیادہ تھی۔ یہ اعدادوشمار صرف مزدوری کی کہانی نہیں سناتے ان کے پیچھے ایسے بچے بھی ہیں جو استحصال، خوف، تشدد اور محرومی کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔

لیکن ان عالمی مثالوں کا ذکر پاکستان کے مسئلے سے توجہ ہٹانے کے لیے نہیں ہونا چاہیے۔ اگر کوئی بیرونی مبصر پاکستان میں بچوں پر ظلم کے واقعات کو نمایاں کرتا ہے تو اسے یہ حق حاصل ہے مگر دیانت دارانہ گفتگو کا تقاضا ہے کہ وہ اپنے معاشرے میں موجود ایسے جرائم کو بھی اسی سنجیدگی سے دیکھے۔ کسی ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی دوسرے ملک میں ہونے والی خلاف ورزی کو جائز نہیں بنا دیتی۔ اسی طرح دنیا میں ایسے واقعات کی موجودگی پاکستان کو اپنی ذمہ داری سے بری نہیں کرتی۔ اصل سوال یہ نہیں کہ ظلم کہاں زیادہ ہوتا ہے اصل سوال یہ ہے کہ ہر معاشرہ اپنے بچوں کو تحفظ دینے کے لیے کیا کر رہا ہے۔

پاکستان میں یہ سوال اس لیے بھی زیادہ اہم ہو جاتا ہے کہ یہاں بچوں کی غربت اور بے سہارا ہونے کی حالت انہیں آسانی سے استحصال کے حوالے کر دیتی ہے۔ حالیہ دنوں ملتان میں پندرہ سالہ یتیم بچے وسیم عباس کی موت کا واقعہ بھی سامنے آیا۔ اطلاعات کے مطابق وہ ایک ٹھیکیدار کے پاس کام سیکھنے گیا تھا جہاں اس کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو جبری مشقت سے انکار کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ مرکزی ملزم توقیر نذیر کو گرفتار کیا گیا مگر بعد میں پولیس کے مطابق وہ مبینہ مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔ اس واقعے میں بھی ضروری ہے کہ پولیس کے دعوے اور دستیاب شواہد شفاف انداز میں سامنے آئیں۔ کسی ملزم کی موت کو عدالتی انصاف کا متبادل نہیں بنایا جا سکتا، انصاف کا راستہ تفتیش، ثبوت اور منصفانہ عدالتی کارروائی سے گزرتا ہے۔

وسیم کے معاملے میں ملزم کی مبینہ پولیس مقابلے میں موت کے بعد کیا ریاست یہ سمجھتی ہے کہ انصاف کا تقاضا پورا ہو گیا؟ اور اسلام آباد میں فاطمہ کی ہلاکت کے معاملے میں، جہاں ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ تشدد کی نشاندہی کرتی ہے، کیا متعلقہ افسر کو عہدے سے ہٹا دینا ہی کافی کارروائی ہے؟ کیا اس کیس میں بھی تفتیش اپنی پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھے گی؟ کیا ایف آئی اے افسر سمیت ہر اس شخص کی ذمہ داری کا تعین ہوگا جس کا کردار شواہد کی روشنی میں سامنے آئے گا؟ عہدہ، تعلق اور اثرورسوخ کسی کو قانون سے بالاتر نہیں کر سکتے۔

ہمیں کسی کے لیے ماورائے عدالت سزا نہیں چاہیے، نہ کسی بے گناہ کو محض الزام کی بنیاد پر مجرم قرار دینا چاہیے۔ ہمیں شفاف تفتیش، منصفانہ ٹرائل اور جرم ثابت ہونے پر قانون کے مطابق سخت سزا چاہیے۔ کیونکہ بچے کسی طاقتور گھرانے، ادارے یا معاشرتی طبقے کی ملکیت نہیں ہوتے وہ اس ریاست کے شہری اور اس معاشرے کا مستقبل ہیں۔

ریاست! ہمیں یہ نہ بتائیے کہ قانون کی کتاب میں سب برابر ہیں ہمیں یہ دکھائیے کہ قانون کے کٹہرے میں بھی سب برابر ہیں۔ فاطمہ کے لیے انصاف کسی رعایت کا نام نہیں، ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے