مدینہ منورہ میں گرڈ اسٹیشن پر حملے کی خلیجی و اسلامی ممالک کی شدید مذمت

خلیجی اور اسلامی ممالک نے یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ منورہ میں شہری تنصیبات اور مسجدِ نبوی ﷺ کو بجلی فراہم کرنے والے گرڈ اسٹیشن کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
حملے کی مذمت کرنے والے ممالک اور اداروں میں قطر، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت، اردن، ترکیہ، عرب لیگ، اسلامی تعاون تنظیم اور دیگر علاقائی و اسلامی ادارے شامل ہیں۔قطر کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں مدینہ منورہ میں حملے کو سعودی عرب کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسلامی مقدس مقامات کو نشانہ بنانے والے حملوں کو مسترد کیا ہے۔قطری وزارتِ خارجہ نے واضح کیا کہ سعودی عرب کی سلامتی قطر کی سلامتی اور خلیجی تعاون کونسل کے اجتماعی سلامتی کے نظام کا لازمی حصہ ہے۔ترکیہ کی وزارتِ خارجہ نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ ترک وزارتِ خارجہ کے مطابق ایسے اشتعال انگیز حملے فوری اور غیر مشروط طور پر بند ہونے چاہئیں۔ترکیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نوعیت کے حملے سعودی عرب کی خود مختاری اور سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے ساتھ اسلامی دنیا کے مقدس ورثے کو بھی نشانہ بناتے ہیں۔دوسری جانب مسلم ورلڈ لیگ نے بھی اسلامی مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔





