بدھ، 4 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

الہان عمر پانچویں بار امریکی کانگریس کی رکن منتخب


امریکی کانگریس کی مسلمان رکن الہان عمر نے امیگریشن فراڈ کی تحقیقات اور سیاسی مخالفت کے باوجود مینیسوٹا کے پانچویں انتخابی حلقے سے مسلسل پانچویں بار کامیابی حاصل کرلی۔


امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوار الہان عمر نے ری پبلکن حریف جان نیگل کو شکست دے کر امریکی ایوان نمائندگان میں اپنی نشست برقرار رکھی۔ ان کا انتخابی حلقہ منی ایپلس شہر اور اس کے نواحی علاقوں پر مشتمل ہے۔


الہان عمر کی کامیابی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ان کے خلاف امیگریشن دستاویزات میں مبینہ جعل سازی اور فراڈ کے الزامات کی تحقیقات کررہی ہے۔


اکتوبر میں وفاقی تحقیقاتی اہلکاروں نے واشنگٹن میں ان کی رہائش گاہ کی تلاشی بھی لی تھی، جس کے دوران موبائل فون، لیپ ٹاپ اور پاسپو رٹ قبضے میں لیے گئے، جبکہ ان کے بعض اہل خانہ کو بھی تحقیقات میں شامل کیا گیا۔


امریکی حکام تحقیقات کے دوران اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا الہان عمر یا ان کے اہلخانہ نے 1990 کی دہائی میں امریکا آمد اور شہریت حاصل کرنے کے عمل میں غلط معلومات فراہم کی تھیں۔ الہان عمر ان الزامات کی تردید کرتی ہیں اور تحقیقات کو سیاسی دباؤ قرار دے چکی ہیں۔


الہان عمر پہلی مرتبہ 2018 میں امریکی کانگریس کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔ وہ امریکی ایوان نمائندگان میں پہلی صومالی نژاد امریکی خاتون اور ابتدائی 2 مسلمان خواتین ارکان میں شامل تھیں، الہان عمر نے اگست 2026 میں ڈیموکریٹک پارٹی کے انتخابی مرحلے میں بھی کامیابی حا صل کی تھی۔ اب عام انتخابات میں کامیابی کے بعد وہ جنوری 2027 میں کانگریس کی پانچویں مدت کا آغاز کریں گی۔