بدھ، 4 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

فرانسیسی بلڈ بینکس پر بڑا سائبر حملہ


فرانس میں بلڈ بینکس بھی ہیکرز کے نشانے پر آگئے-


فرانسیسی بلڈ بینکس پر بڑے پیمانے پر سائبر حملہ؛ نمونوں کا درجہ حرارت منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھا کر 110 ڈگری سینٹی گریڈ کر دیا گیا۔


’لے کینارڈ آنشینے‘ (Le Canard Enchaîné) کی رپورٹ کے مطابق، ہیکرز نے فرانس میں خون کے نمونے رکھنے والے فریزروں کا درجہ حرارت -30 ڈگری سینٹی گریڈ سے تبدیل کر کے 110 ڈگری سینٹی گریڈ پر سیٹ کر دیا۔

اس حملے کا ہدف ’کول ورلڈ‘ (Coolworld) نامی کمپنی تھی، جو فرانس کی قومی بلڈ سروس ’ای ایف ایس‘ (EFS) کے لیے خدمات فراہم کرتی ہے،ایک ٹیکنیشن نے بروقت درجہ حرارت بڑھنے کا پتہ لگا لیا، اور فرانس کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اس واقعے سے کام کاج یا آپریشنز پر کوئی اثر نہیں پڑا۔


قبل ازیں فرانس میں سیکڑوں سپر مارکیٹس کے ریفریجریشن سسٹمز پر بڑے پیمانے پر سائبر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں فریج اور فر یزر کا درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بڑھ گیا، خوراک خراب ہوگئی اور متعدد اسٹورز میں آگ لگنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔


فرانس کی بڑی ریٹیل کمپنیوں انٹرمارشے، کوآپریٹو یو، ای لی کلرک، کیریفور اور مونوپری نے پیر کو اس سائبر حملے کی تصدیق کی۔ ان کمپنیوں نے اسے غیر معمولی نوعیت کا واقعہ قرار دیا۔


انٹرمارشے اور اس کے نیٹو برانڈ کے کم از کم 300 اسٹورز، کوآپریٹو یو کے 100 سے زائد مراکز اور کیریفور کے 80 سپر مارکیٹس متاثر ہوئیں۔ مونوپری کے مطابق اس کے تقریباً 490 اسٹورز میں سے 5 فیصد کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ ای لی کلرک کے بھی متعدد اسٹورز متاثر ہوئے۔


پیرس پراسیکیوٹر آفس کے مطابق حملے میں بڑی فوڈ ریٹیل کمپنیوں کے انٹرنیٹ سے منسلک ریفریجریشن سسٹمز کو نشانہ بنایا گیا، جس سے خوراک ضائع ہوئی اور آگ لگنے کے واقعات پیش آئے۔


ابتدائی معلومات کے مطابق ہیکرز نے دور بیٹھ کر ریفریجریشن سسٹمز کو زبردستی ڈی فراسٹ کرنے کا عمل شروع کیا، جس کے باعث متعدد اسٹورز میں فریج اور فریزر کا درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ نتیجتاً تازہ اور منجمد اشیائے خورونوش کے بڑے ذخیرے خراب ہوگئے۔


انٹرمارشے کے چیف ایگزیکٹو تھیری کوتیلارڈ نے فرانسیسی ٹی وی چینل بی ایف ایم کو بتایا کہ اس حملے سے ملک بھر میں ایک ہی دن کے دوران کروڑوں یورو کا نقصان ہوسکتا ہے۔ کمپنی نے کہا کہ متاثرہ اسٹورز کو خراب ہونے والی تازہ اور منجمد مصنوعات تلف کرنا پڑیں گی۔

کوآپریٹو یو کے سربراہ ڈومینک شیلشر نے کہا کہ کمپنی کے ریفریجریشن سسٹمز اتوار کی رات سے متاثر تھے۔ ان کے مطابق تازہ خوراک محفوظ رکھنے اور عوام کو غذائی ضروریات فراہم کرنے والے نظام کو نشانہ بنانا انتہائی سنگین اور ناقابل قبول اقدام ہے۔