ایران کا بندر عباس میں جدید امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے جنوبی ساحلی شہر بندر عباس کے اوپر امریکی فوج کا ’لوکاس‘ ڈرون مار گرایا ہے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق اتوار کے روز بندر عباس پر پرواز کرنے والے امریکی ڈرون کو ملک کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے تحت متحرک فضائی دفاعی نظام نے نشانہ بنا کر تباہ کیا۔
امریکا کا ‘لوکاس‘ ڈرون خودکش ڈرون ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کا ڈیزائن ایرانی ساختہ شاہد ڈرون کی ٹیکنالوجی سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا تھا۔
ایران کا یہ دعویٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان شدید تناؤ دیکھا جا رہا ہے۔ یہ کارروائی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے چند گھنٹوں بعد رپورٹ ہوئی ہے جس میں انہوں نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے اشارے دیے تھے۔
ایران حال ہی میں آبنائے ہرمز کے قریب کئی امریکی ڈرونز کو نشانہ بنا چکا ہے جس میں سمندری ڈرونز شامل ہیں۔
امریکی جریدے بلومبرگ نے ایک تازہ رپورٹ میں امریکا کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے خلاف نئے حملوں کی تیاری شروع کردی ہے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ 27 اکتوبر کو اسرائیل جب کہ 3 نومبر کو امریکا میں مڈٹرم انتخابات کے بعد ایران پر بڑے حملوں کا حکم دے سکتے ہیں۔
امریکا پہلے ہی تیسرا طیارہ بردار بحری بیڑہ اور مزید 10 ہزار میرینز مشرقِ وسطیٰ کی جانب روانہ کرچکا ہے، جسے خطے میں امریکی فوجی تیاریوں میں اضافے کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے-





