امریکی ریاست فلوریڈا میں فائرنگ، بچوں سمیت 12 افراد زخمی

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹالا ہاسی میں فلوریڈا اے اینڈ ایم یونیورسٹی کے کیمپس کے قریب فائرنگ کےواقعےمیں 11 افراد گولی لگنےسےزخمی ہوگئے،جبکہ جھگڑے کے دوران ایک اور شخص بھی زخمی ہوا۔
امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ یونیورسٹی کے قریب پیری اسٹریٹ پر، بریگ میموریل اسٹیڈیم کے نزدیک پیش آیا، یہ واقعہ مقامی سطح پر یونیورسٹی کے ہوم کمنگ ویک اینڈ کی تقریبات کے بعد پیش آیا،واقعے میں زخمی ہونے والوں میں 6 بالغ افراد اور 6 کم عمر بچے شامل ہیں، زخمیوں میں سب سے کم عمر کی عمر 11 سال بتائی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق کم از کم 3 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ باقی 9 افراد کی حالت مستحکم بتائی گئی ہےٹالا ہاسی پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق فائرنگ سے کچھ دیر قبل افراد کے درمیان ہاتھا پائی یا جھگڑا ہوا تھا، یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجے سے کچھ پہلے پیش آیا۔
پولیس کے شعبۂ جرائمِ پرتشدد کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، یونیورسٹی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ کیمپس محفوظ رہا،حکام کی جانب سے تاحال کسی گرفتاری کا اعلان نہیں کیا گیا، جبکہ مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔





