اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کا ٹیلی فونک رابطہ، علاقائی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال

اسلام آباد: پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں تازہ علاقائی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے علاقائی صورتِ حال کے تناظر میں توانائی کی مسلسل فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک اور عالمی سپلائی چینز کے لیے جہازوں کی محفوظ اور تیز رفتار آمد و رفت ضروری ہے۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہیں۔دفترِ خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ نیویارک میں ملاقات کے حوالے سے بھی اتفاق رائے ہوا۔اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کی نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات متوقع ہے۔





