جامشورو: بجلی کے کھلے تاروں سے آتشزدگی، 20 سے زائد دکانیں خاکستر

مصنف:
جامشورو کے علاقے جھانگارا چوک میں بجلی کے کھلے تاروں سے اچانک خوفناک آتشزدگی بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 20 سے زائد کچی دکانیں، ہوٹل اور دیگر چھاپرے جل کر خاکستر ہوگئے۔
مقامی شہریوں کے مطابق آگ صبح ساڑھے 6 بجے کے قریب بجلی کے تاروں سے بھڑکی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نے مین چوک میں قائم دکانوں، ہوٹلوں، ٹیبلز اور دیگر عارضی تعمیرات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اطلاع کے باوجود فائر بریگیڈ کی گاڑیاں ایک گھنٹے تک جائے وقوعہ پر نہ پہنچ سکیں، جس کے باعث آگ نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔
فائر بریگیڈ کی تاخیر پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پایا۔آتشزدگی کے نتیجے میں جھانگارا مین چوک کی 20 سے زائد کچی دکانیں مکمل طور پر جل گئیں، تاہم فوری طور پر جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی





