بدھ، 21 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

فرانس میں میراج 2000 ڈی جنگی طیارہ تباہ، عملے کا ایک رکن ہلاک

مصنف:

فرانس کے شمال مشرقی علاقے میں تربیتی پرواز کے دوران میراج 2000 ڈی جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں عملے کا ایک رکن ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔


فرانسیسی فضائیہ کے مطابق طیارہ منگل کی رات گرینچ معیاری وقت کے مطابق رات 9 بجے نینسی کے مضافات میں واقع ایئر بیس کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔فرانسیسی فضائیہ کے ترجمان کرنل ڈیوڈ پاپالارڈو نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق عملے کا ایک رکن پیراشوٹ کے ذریعے طیارے سے باہر نکلنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ترجمان کے مطابق طیارے میں ایک زیرِ تربیت نوجوان پائلٹ اور ایک تجربہ کار اسلحہ افسر سوار تھے۔ ڈرون کی مدد سے طیارے کا ملبہ تلاش کرلیا گیا ہے جبکہ امدادی اہلکار جائے حادثہ پر موجود ہیں۔


واضح رہے کہ دو نشستوں والا میراج 2000 ڈی جنگی طیارہ 1993ء میں فرانسیسی فضائیہ میں شامل کیا گیا تھا۔ فرانس نے ان طیاروں کو 1999ء میں کوسوو، 2011ء میں لیبیا اور بعد ازاں افغانستان، عراق، شام اور افریقا کے ساحلی خطے میں فوجی کارروائیوں کے دوران استعمال کیا۔فرانس نے حال ہی میں اپنے میراج 2000 ڈی طیاروں کی جدید کاری کا پروگرام مکمل کیا ہے اور انہیں 2030ء کی دہائی تک فضائی بیڑے میں برقرار رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔