بدھ، 4 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پوسٹ آفس میں غیرقانونی بھرتیوں کا الزام،نیب نے مولانا فضل الرحمان کےبیٹے کو طلب کر لیا


پاکستان پوسٹ آفس میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں اور مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں قومی احتساب بیورو (نیب) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جمعیت علمائے اسلام کے سربر ا ہ مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اور سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کو طلب کرلیا۔


نیب راولپنڈی نے اسعد محمود کو 10 نومبر کو صبح 11 بجے طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے۔ تحقیقات کا تعلق 2022 سے 2023 کے دوران ان کے وزارت مواصلات کے دور میں پاکستان پوسٹ آفس میں ہونے والی بھرتیوں سے ہے۔


نیب کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پاکستان پوسٹ آفس میں 3 ہزار 938 آسامیوں پر بھرتیوں کی اجازت دی تھی، تاہم مبینہ طور پر اس کے برعکس 4 ہزار 252 افراد کو ملازمتیں دی گئیں۔ اسی طرح کابینہ کمیٹی کی ہدایات کے برخلاف 2 ہزار 646 ختم شدہ آسامیوں پر بھی بھرتیاں کیے جانے کا معاملہ تحقیقات کا حصہ ہے۔


طلبی کے نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹیسٹنگ ایجنسی کے ذریعے کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتیوں کی سفارش کی گئی تھی، لیکن اس کے بجائے مستقل تقرریاں کی گئیں۔


نیب نے بھرتیوں کے عمل میں جعلی اور بوگس دستاویزات کے استعمال، زائد العمر امیدواروں کو ملازمتیں دینے اور ڈومیسائل کوٹے کی خلاف ورزیوں سے متعلق بھی سوالات اٹھائے ہیں۔


دوسری جانب ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بھی اسعد محمود کو اسی معاملے میں طلب کیا ہے۔ ایف آئی اے نے انہیں 2 نومبر کو صبح 11 بجے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا۔


ایف آئی اے بھی پاکستان پوسٹ آفس میں بھرتیوں کے دوران مبینہ سنگین بے ضابطگیوں اور بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات کر رہا ہے۔