Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

لاس اینجلس: حادثے کی کوریج کرنے والا نیوز ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 3 افراد ہلاک

the-plane-crashed-on-sunday-afternoon-133320487-16x9_0

امریکی شہر لاس اینجلس میں ایک بس حادثے کی کوریج کرنے والا ٹی وی نیوز ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔


حادثہ منگل کے روز لاس اینجلس کے علاقے چیٹس ورتھ میں پیش آیا، جہاں نیوز ہیلی کاپٹر ایک مسافر بس اور ایس یو وی کے درمیان ہونے والے تصادم کی فضائی کوریج کر رہا تھا،سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دستیاب ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسی دوران ہیلی کاپٹر بظاہر بلندی کھونے لگا اور قریبی آبادی کی جانب جاگرا۔


ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیمرے سے لیس ہیلی کاپٹر حادثے کے مقام سے دور ہٹ کر قریبی علاقے کے اوپر پرواز کرتا ہے،تاہم کچھ ہی دیر بعد تیزی سے نیچے آتا ہے اور ریکارڈنگ ہیلی کاپٹر کے زمین سے ٹکرانے کے ساتھ ختم ہوجاتی ہے،ہیلی کاپٹر 2 تجارتی عمارتوں کے درمیان واقع پارکنگ ایریا میں گرا، جہاں متعدد گاڑیاں اور بڑے اسٹوریج کنٹینرز موجود تھے،گرنے کے بعد ہیلی کاپٹر میں آگ بھڑک اٹھی اور علاقے میں دھویں کے گہرے بادل چھا گئے۔


لاس اینجلس فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق 3 افراد کو جائے حادثہ پر ہی مردہ قرار دیا گیا، جبکہ ایک زخمی شخص کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے،حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کم از کم ایک شخص ایسا تھا جو ہیلی کاپٹر کے گرنے کے وقت زمین پر موجود تھا،حادثے کا شکا ر ہونے والا طیارہ این بی سی لاس اینجلس کے لیے استعمال ہونے والا ٹی وی نیوز ہیلی کاپٹر تھا۔


این بی سی 4 نے بعد ازاں تصدیق کی کہ اس کا ’نیوز چاپر 4‘ حادثے کا شکار ہوا ہے حادثے کی ابتدائی اطلاعات سامنے آنے کے بعد ٹی وی اسٹیشن کا اپنے ہیلی کاپٹر میں موجود عملے سے رابطہ بھی منقطع ہوگیا تھا،یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب لاس اینجلس کے متعدد ٹی وی اسٹیشنز نے چیٹس ورتھ میں ہونے والے ایک سڑک حادثے کی کوریج کے لیے اپنے ہیلی کاپٹر روانہ کیے تھے۔


ابتدائی سڑک حادثے میں ایک ایس یو وی اور میٹرو بس آپس میں ٹکرا گئے تھے، جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور کم از کم 6 زخمی ہوئے،نیوز ہیلی کاپٹر تقریباً 1.6 کلومیٹر دور جا کر حادثے کا شکار ہوا۔ فائر حکام کے مطابق 50 سے زائد فائر فائٹرز نے امدادی کارروائی میں حصہ لیا، جبکہ حادثے کے نتیجے میں کئی گاڑیاں اور 2 اسٹوریج کنٹینرز بھی متاثر ہوئے،حکام نے تاحال ہیلی کاپٹر کے گرنے کی وجہ معلوم نہیں کی۔ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں-