پاکستان کی ریاض میں حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت

پاکستان نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ایک ٹاور کو نشانہ بنانا سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ شہری تنصیبات اور اقتصادی مراکز کو نشانہ بنانا بے گناہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے، جبکہ ایسے قابل مذمت حملے علاقائی امن و سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان حوثی ملیشیا کی جانب سے حملے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہے اور اس مشکل وقت میں سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے حق کی حمایت کرتا ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم افراد کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کے اقدامات کی بھی حمایت کرتا ہے۔دفتر خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
مزید پڑھیں





