پیٹرول ریلیف اسکیم ایک ٹوکن پر 5 لیٹر پیٹرول کی حد ختم

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ملک بھر سے فیول ریلیف اسکیم سے متعلق موصول ہونے والی آراء کی روشنی میں ایک اور اہم فیصلہ سامنے آیا ہے
وزیراعظم کی ہدایت پر پانچ لیٹر سے کم پٹرول ڈلوانے والے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشوں کو بھی ایک ٹوکن پر ایک ہفتے میں 500 روپے کی رعایت ملے گی۔ ہفتہ وار ایک ٹوکن جاری کیا جائے گا اور ایک ماہ میں مجموعی طور پر 4 ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔اسکیم میں 800cc تک گاڑی استعمال کرنے والے پہلے کی طرح ہر دس روز میں 10 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کی رعایت حاصل کریں گے۔ یوں ایک ماہ میں 10 لیٹر کے 3 ٹوکن جاری کرنے کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے بتایا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کے لیے خصوصی ریلیف پروگرام شروع کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے رجسٹریشن کے لیے بھیجے جانے والے پیغام کو بالکل مفت کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ ایک ٹوکن پر 5 لیٹر پیٹرول کی حد بھی ختم کر دی گئی ہے۔وفاقی وزیر کے مطابق 5 لیٹر سے کم پیٹرول ڈلوانے والے موٹرسائیکل، چنگچی اور رکشوں کو بھی ہفتے میں 500 روپے کی رعایت ملے گی۔شزا فاطمہ نے بتایا کہ یکم جنوری 2006 کے بعد رجسٹرڈ ہونے والے تمام موٹرسائیکل اور چنگچی رکشے اسکیم میں رجسٹریشن کے اہل ہوں گے۔ اسکیم میں اب تک ہونے والی رجسٹریشن میں 91.6 فیصد حصہ دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کا ہے، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کی رجسٹریشن کا تناسب 8.4 فیصد ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فیول ریلیف اسکیم کے تحت اب تک 14 لاکھ 93 ہزار 848 شہریوں کو فیول ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ 6 لاکھ 55 ہزار 67 شہری فیول حاصل کر چکے ہیں۔وفاقی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی قسم کے فراڈ سے محفوظ رہنے کے لیے اپنی ذاتی معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔





