جمعہ، 20 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پنجاب ڈرگ ایکٹ 2026 میں مجوزہ ترامیم ،تحریر:ڈاکٹر شجاع اختر اعوان

نقطہ نظر

پنجاب میں شعبۂ صحت پر نت نئے تجربات اور بار بار تبدیل ہوتی پالیسیوں نے نہ صرف معالجین کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں بلکہ غریب عوام کے لیے علاج معالجے کی سہولیات تک رسائی بھی مشکل ہوتی جا رہی ہے۔ پہلے ہی مہنگائی اور علاج کے بڑھتے اخراجات نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ ایسے حالات میں مزید سخت قوانین، بھاری لائسنس فیس اور غیر ضروری پابندیاں عوام اور طبی شعبے دونوں کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتی ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ صحت کے نظام میں بہتری کے نام پر ایسے فیصلے نہ کرے جن سے عام آدمی کی سستے اور آسان علاج تک رسائی متاثر ہو۔ صحت کا شعبہ نت نئے تجربات نہیں بلکہ مستقل، متوازن اور عوام دوست پالیسیوں کا تقاضا کرتا ہے

اسی تناظر میں مجوزہ پنجاب ڈرگ ایکٹ 2026 اور اس سے متعلقہ ڈرگ رولز کے حوالے سے ہومیوپیتھی، طبِ یونانی اور متبادل طب سے وابستہ حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ان شعبوں سے تعلق رکھنے والے معالجین، دکانداروں، ادویات ساز اداروں اور ڈسٹری بیوٹرز کو خدشہ ہے کہ سخت شرائط اور بھاری لائسنس فیس ان کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل بنا سکتی ہیں نیشنل کونسل فار ہومیوپیتھی (NCH) کی جانب سے سیکرٹری صحت پنجاب کو خط لکھ کر مجوزہ ڈرگ رولز اور لائسنس فیس پر قانونی اعتراضات اٹھانا اس بات کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے کہ اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔ جب متعلقہ قومی ادارہ بھی تحفظات کا اظہار کر رہا ہو تو حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان اعتراضات کو سنے اور تمام متعلقہ فریقوں کو مشاورت میں شامل کرے۔

پاکستان ایسوسی ایشن آف آلٹرنیٹو میڈیسن (PAAM) کا مؤقف واضح ہے کہ صحت عامہ کے تحفظ کے لیے مناسب قوانین ضرور بنائے جائیں، لیکن ایسے قوانین نہیں ہونے چاہئیں جو ہومیوپیتھی اور طبِ یونانی سے وابستہ معالجین، دکانداروں اور کاروباری افراد کے لیے غیر ضروری مشکلات پیدا کریں۔ OTC مصنوعات کے لیے بھی ان کی نوعیت کے مطابق واضح اور مناسب پالیسی بنائی جائے تاکہ عوام کو محفوظ مصنوعات کی دستیابی برقرار رہے اور چھوٹے کاروبار متاثر نہ ہوں۔

بھاری لائسنس فیس کا معاملہ بھی خصوصی توجہ کا متقاضی ہے۔ مہنگائی کے موجودہ دور میں چھوٹے دکانداروں اور محدود سرمایہ رکھنے والے کاروباری افراد کے لیے اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا آسان نہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ لائسنس فیس کاروبار کی نوعیت اور حجم کے مطابق مقرر کرے اور پہلے سے قانونی طور پر کام کرنے والے اداروں کو مناسب سہولت فراہم کرے۔

ہومیوپیتھی اور طبِ یونانی سے ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔ ان شعبوں کو غیر ضروری پابندیوں میں جکڑنے کے بجائے ان کی بہتری اور ترقی کے لیے اقدامات ہونے چاہئیں۔ حکومت پنجاب کو چاہیے کہ نیشنل کونسل فار ہومیوپیتھی، طبِ یونانی کے متعلقہ اداروں، PAAM اور دیگر نمائندہ تنظیموں سے مشاورت کرکے ایسا قانون بنائے جو عوامی مفاد، صحت کے تحفظ اور کاروباری حقوق میں توازن قائم کرے۔

،غیر منصفانہ اور ناقابلِ عمل قانون سازی نہ کی جائے صحت عامہ کا تحفظ بھی ضروری ہے اور معالجین و طبی شعبوں سے وابستہ افراد کے حقوق کا تحفظ بھی۔ حکومت کو ایسے فیصلے کرنے چاہئیں جن سے غریب عوام کو سستا علاج میسر رہے اور طبی شعبے ترقی کر سکیں۔

قانون سازی کا مقصد اصلاح ہونا چاہیے، کسی شعبے کی تباہی نہیں۔ ہومیوپیتھی، طبِ یونانی اور متبادل طب کا تحفظ دراصل ان سے وابستہ افراد کے روزگار اور عوام کے علاج کے مزید مواقع کا تحفظ ہے۔

پاکستان ایسوسی ایشن آف آلٹرنیٹو میڈیسن (PAAM) کا موقف بھی یہی ہے اور فارمیسی ٹیکنشن کا بھی اپنا نقطعہ نظر ہے حکومت پنجاب کو چاہیے کہ ایسے قابل عمل قوانین لائے جو تمام طب کے فیلڈ کے لوگوں کے حقوق کا تحفظ کرے اور تمام افراد اپنے شعبہ جات میں خدمات انجام دے سکیں