جمعہ، 20 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

گلُ پھینکے ہوئے ہیں ،تحریر:فائزہ شہزاد

نقطہ نظر

آج پھر 20 نومبر ہے۔

آج پھر پوری دنیا میں بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔

آج پھر بڑے بڑے ہالوں میں سیمینار ہوں گے، اخباروں میں اشتہار چھپیں گے، ٹی وی پر مسکراتے ہوئے بچوں کی تصویریں چلیں گی، اور بڑے بڑے لوگ مائیک کے سامنے کھڑے ہو کر کہیں گے کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں، بچے پھول ہیں، بچے قوم کا سرمایہ ہیں۔


اور پھر شام ہوتے ہی سب کچھ ختم ہو جائے گا۔

سیمینار ختم، تقریریں ختم، تصویریں ختم۔

اور سڑک پر وہی بچہ پھر بھیک مانگتا ہوا ملے گا۔


میں نے اپنا پہلا کالم اسی موضوع پر لکھا تھا۔ عنوان تھا "گلُ پھینکے ہوئے ہیں"۔ یہ 1998 کی بات ہے۔

اس وقت بھی دل درد سے بھرا ہوا تھا، اور آج 2026 میں، اٹھائیس برس بعد، یہ سطریں لکھتے ہوئے بھی دل اسی درد سے بھرا ہوا ہے۔

فرق صرف اتنا ہے کہ 1998 میں یہ گل کم تھے، آج یہ گل زیادہ ہو گئے ہیں۔ تب بھی سڑکوں پر تھے، آج بھی سڑکوں پر ہیں۔ تب بھی پھینکے ہوئے تھے، آج بھی پھینکے ہوئے ہیں۔

اتنے برسوں میں کچھ بھی تو نہیں بدلا۔ بلکہ حالات مزید خراب ہو گئے ہیں۔


20 نومبر 1954 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فیصلہ کیا کہ دنیا بھر میں بچوں کے حقوق کے لیے ایک دن منایا جائے گا۔ پھر 20 نومبر 1959 کو بچوں کے حقوق کا اعلامیہ منظور ہوا، اور پھر 20 نومبر 1989 کو بچوں کے حقوق کا عالمی کنونشن منظور ہوا، جس پر پاکستان سمیت دنیا کے تقریباً تمام ممالک نے دستخط کیے۔

مقصد کیا تھا؟ مقصد صرف ایک تھا۔

کہ دنیا کا ہر بچہ، چاہے وہ امیر کا ہو یا غریب کا، گورا ہو یا کالا، لڑکا ہو یا لڑکی، اس کو زندہ رہنے کا حق ہے، تعلیم کا حق ہے، صحت کا حق ہے، کھیلنے کا حق ہے، تحفظ کا حق ہے، اور سب سے بڑھ کر اس کو بچہ رہنے کا حق ہے۔ اس کو مزدور بننے سے پہلے بچہ رہنے دیا جائے۔

کاغذ پر تو یہ سب بہت خوبصورت لگتا ہے۔

لیکن ذرا کاغذ سے نظر اٹھا کر اپنی گلی، اپنی سڑک، اپنے بازار کو دیکھیں۔

ہمارے ملک میں حقوق اور فرائض صرف امیر طبقے کے لیے ہیں۔ غریب کے بچے کے لیے صرف فرائض ہیں، حقوق نہیں۔

صبح سویرے چوک پر کھڑے ہو جائیں۔ ایک بچہ گاڑیوں کے شیشے صاف کرتا ہوا ملے گا، چھوٹے چھوٹے ہاتھ، میلے کپڑے، اور ہر گاڑی والے کی ڈانٹ کھاتا ہوا۔ اس نے ناشتہ کیا ہو یا نہ کیا ہو، کسی کو پروا نہیں۔ اس کو صرف یہ فکر ہے کہ آج شام کو گھر خالی ہاتھ نہ جائے۔

تھوڑا آگے جائیں، میکینک کی دکان پر ایک بچہ ملے گا۔ اس کے ہاتھ پاؤں کالے ہیں، کپڑوں پر موبل آئل لگا ہے، ہاتھ میں پانا پکڑے وہ گاڑی کے نیچے لیٹا ہوا ہے۔ جس عمر میں اس کے ہاتھ میں کتاب ہونی چاہیے تھی، اس عمر میں اس کے ہاتھ میں رینچ ہے۔ جس عمر میں اس کو اسکول کی گھنٹی سننی چاہیے تھی، اس عمر میں وہ استاد کی گالیاں سن رہا ہے۔

اتوار بازار چلے جائیں۔ وہاں لوگوں کے سامان اٹھاتے ہوئے، تھیلے اٹھاتے ہوئے زیادہ تر بچے ہی نظر آئیں گے۔ کسی کے کندھے پر بوجھ ہے، کسی کے سر پر۔ ان کی کمر جھک گئی ہے، لیکن ان کی عمر ابھی کمر جھکانے کی نہیں تھی۔

اور پھر وہ بچے، جن کو دیکھ کر دل پھٹ جاتا ہے۔ گندگی کے ڈھیر سے خوراک چن کر کھاتے ہوئے بچے۔ کچرے کے ڈھیر میں سے روٹی کا ٹکڑا نکال کر کھاتا ہوا بچہ، کیا اس کو پتہ ہے کہ عالمی یوم اطفال کیا ہوتا ہے؟ کیا اس کو پتہ ہے کہ اس کے بھی کوئی حقوق ہیں؟

اور گلیوں میں بھیک مانگتے بچے۔ چھوٹی چھوٹی بچیاں، جن کے ہاتھ میں چھوٹا سا بھائی ہے، اور وہ ہر گزرنے والے کے آگے ہاتھ پھیلا رہی ہے۔ یہ وہ بچیاں ہیں جن کو گڑیا سے کھیلنا چاہیے تھا، آج وہ گلیوں میں بھیک مانگ رہی ہیں۔

یہ سب ہمارے بچے ہیں۔ یہی ہمارا مستقبل ہیں۔ آخر ان بچوں کا حق کیا تھا؟

ان کا حق تھا کہ وہ اسکول جائیں۔ ان کا حق تھا کہ وہ بیمار ہوں تو ان کا علاج ہو۔ ان کا حق تھا کہ وہ رات کو بھوکے نہ سوئیں۔ ان کا حق تھا کہ کوئی ان کو مارے نہیں، ان سے کام نہ کروائے، ان کو بیچے نہیں، ان کا استحصال نہ کرے۔

لیکن ہمارے ہاں قانون کتابوں میں ہے، بچہ سڑک پر ہے۔

ہم نے کنونشن پر دستخط تو کر دیے، لیکن اس پر عمل کبھی نہیں کیا۔ ہم نے بچوں کے تحفظ کے ادارے تو بنا دیے، لیکن ان اداروں کو بچوں تک کبھی پہنچنے نہیں دیا۔

یہ سوال میں نے 1998 میں بھی پوچھا تھا، آج پھر پوچھ رہی ہوں۔ قصور کس کا ہے؟ والدین کا؟؟

ہاں، کسی حد تک ہے۔ وہ والدین جو صرف بچے پیدا کرنا جانتے ہیں، لیکن ان کی پرورش کرنا نہیں جانتے۔ جن کے لیے بچہ اللہ کی رحمت نہیں، کمائی کا ذریعہ ہے۔ جو بچے کو پیدا کر کے بیچ بازار چھوڑ دیتے ہیں کہ جاؤ، کما کر لاؤ۔

اور یہ صرف لڑکے نہیں ہیں۔ اس میں لڑکیاں بھی ہیں۔ چھوٹی چھوٹی بچیاں، جن کو لوگوں کے گھروں میں کام پر رکھ دیا جاتا ہے، جہاں ان کے ساتھ کیا سلوک ہوتا ہے، کوئی نہیں جانتا۔ اور پھر رات کی تاریکی میں ان پھینکے ہوئے گلوں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، یہ سوچ کر ہی روح کانپ جاتی ہے۔ جن کو دن کی روشنی میں تحفظ نہیں ملا، ان کو رات کی تاریکی میں کون تحفظ دے گا؟

لیکن کیا صرف والدین قصوروار ہیں؟ وہ والدین جو خود بھوکے ہیں، خود بے روزگار ہیں، خود جاہل ہیں، وہ اپنے بچوں کو کیا دیں گے؟ جس ماں کے پاس اپنے بچے کو کھلانے کو روٹی نہیں، وہ اس کو اسکول کی فیس کہاں سے دے گی؟ پھر کیا قصور حکومت وقت کا ہے؟؟؟

حکومت وہ پُتلی تماشا ہے جو نہ جانے کب سے جاری و ساری ہے۔ ہر حکومت آتی ہے، بچوں کے لیے نئے نعرے لگاتی ہے، نئے منصوبے بناتی ہے، نئے فنڈز کا اعلان کرتی ہے، اور پھر وہ فنڈز کہاں جاتے ہیں، کسی کو نہیں پتہ۔ اس تماشے کی ڈور آخر کس کے ہاتھ میں ہے، یہ آج تک کسی کو نہیں پتہ چلا۔

اسکول ہیں تو استاد نہیں، استاد ہیں تو کتابیں نہیں، کتابیں ہیں تو بچے مزدوری پر ہیں۔ ہسپتال ہیں تو دوائی نہیں۔ قانون ہے تو عمل نہیں۔

ہم بچوں کو تعلیم دینے کے بجائے ان کو بھیک مانگنے پر مجبور کر رہے ہیں۔ ہم بچوں کو کھیل کے میدان دینے کے بجائے ان کو کچرے کے ڈھیر دے رہے ہیں۔

قصور! ہمارا بھی ہے۔ اِس بے حس معاشرے کا بھی ہےـ

ہم وہ لوگ ہیں جو گاڑی کا شیشہ صاف کرنے والے بچے کو 10 روپے دے کر سمجھتے ہیں کہ ہم نے نیکی کر دی۔ ہم وہ لوگ ہیں جو میکینک کی دکان پر بچے سے کام کرواتے ہوئے بھی چائے پیتے رہتے ہیں۔ ہم وہ لوگ ہیں جو اتوار بازار میں بچے سے سامان اٹھواتے ہوئے اس کو 20 روپے زیادہ دینے کے بجائے اس سے بحث کرتے ہیں۔


ہم نے ان بچوں کو دیکھنا ہی چھوڑ دیا ہے۔ ہمارے لیے یہ بچے انسان نہیں رہے، یہ سڑک کا منظر بن گئے ہیں۔

1998 میں، میں نے لکھا تھا کہ یہ گل پھینکے ہوئے ہیں۔

2026 میں میں پھر لکھ رہی ہوں کہ یہ گل پھینکے ہوئے ہیں۔

اٹھائیس سال گزر گئے۔ حکومتیں بدل گئیں، چہرے بدل گئے، نعرے بدل گئے، لیکن گلی میں بھیک مانگتا بچہ نہیں بدلا۔ میکینک کی دکان پر کام کرتا بچہ نہیں بدلا۔ کچرے سے روٹی چنتا بچہ نہیں بدلا۔

بلکہ ان کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ ان پھینکے ہوئے گلوں میں روز بہ روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ آج کے دن بہت ساری تقریبات ہورہی ہوں گی ۔۔ مگر جن کے حقوق و فرائض کی جنگ ہے، وہ آج کے دن بھی اپنی مزدوری کررہے ہوں گے اور اُن کو علم ہی نہیں ہوگا کہ آج " اُن کا دن " ہے ـ افسوس صد افسوس ۔۔ صرف تقریروں سے کام نہیں بنتے، اِن سب کے لئے عملی اقدامات کرنے پڑتے ہیں ۔۔

بچے پھول ہوتے ہیں۔ پھولوں کو پھینکا نہیں جاتا، ان کو سنبھالا جاتا ہے۔ ان کو پانی دیا جاتا ہے، دھوپ دی جاتی ہے، ان کی حفاظت کی جاتی ہے۔

اگر ہم نے آج بھی ان پھینکے ہوئے گلوں کو نہ اٹھایا، تو کل یہ گل مرجھا جائیں گے۔ اور مرجھائے ہوئے گلوں سے گلستان کبھی نہیں بنتے۔

خدا کرے اگلے سال 20 نومبر کو مجھے یہ کالم پھر نہ لکھنا پڑے۔

خدا کرے اگلے سال میں لکھوں کہ گل کھل گئے ہیں ۔۔۔

خدا کرے میری ارض پاک پر اُترے

وہ فصل گلُ جسے اندیشہ زوال نہ ہو