جمعہ، 20 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بیاد بزم امروز ،تحریر ؛ عابد محمود عابد

نقطہ نظر
abidmabid

جوں جوں باغی رائیٹرز فورم کی تقریب کا وقت قریب آرہا ہے توں توں یادوں کے دریچے کھلتے جارہے ہیں اور ان ساری ادبی تقاریب کے مناظر ذہن میں پھر سے گھومنے لگے ہیں کہ جن میں کبھی بھی شرکت کی ہو ،

یہ 1994 کی بات ہے کہ جب پہلی مرتبہ ایک دوسرے شہر کے لکھاری مجھ سے ملنے آئے ، کوئی معمولی لکھاری نہیں تھے بلکہ اپنے دور کے ادب اطفال کے درخشندہ ستارے محمد قاسم گورایہ صاحب آف گوجرانوالہ تھے ،

جو چند سال قبل وفات پاگئے لیکن انہوں نے ادب اطفال کی خدمت کے لیے جو روشنی بکھیری ، اسکی چمک آج بھی پاکستان کی ادبی فضاؤں میں جھلکتی ہوئی نظر آتی ہے ، قاسم گورایہ مرحوم 1994 میں مجھ سے ملنے آئے اور مجھ سے پھول کلب کے زیر اہتمام ہونے والی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ، میں نے انکی دعوت بخوشی قبول کرلی اور تقریب کے مقررہ دن میں پورے جوش و جذبے کے ساتھ وقت سے پہلے ہی گوجرانوالہ آرٹس کونسل پہنچ گیا ، جہاں یہ تقریب منعقد ہوئی اور اس تقریب میں مجھے بچوں کے لیے لکھنے والے بہت سے نامور لکھاریوں سے ملنے کا موقع ملے ، یہ پہلی تقریب تھی جس میں میں نے شرکت کی ، اسکے بعد وقت کے ساتھ ساتھ کئی تقاریب میں شرکت کی دعوت ملتی رہی ، کئی مرتبہ شرکت کی اور کئی مرتبہ ایسا بھی ہوا کہ بوجہ مجبوری شرکت نہ کرسکا ، 1995 میں سیالکوٹ کی ایک ادبی تنظیم کے تحت ہونے والی ادبی محافل میں شرکت کی تو اسی سال مجھے لاہور میں ہونے والے ایک تین روزہ ادبی کیمپ میں شرکت کے لیے منتخب کیا گیا لیکن اپنی بڑی بہن کی شادی تیاریوں میں مصروف ہونے کی وجہ سے میں اس ادبی کیمپ میں شامل نہ ہوسکا ، پھر ایسا ہوا کہ بچوں کے لیے لکھتے لکھتے پھر بڑے ہوگئے تو آہستہ آہستہ جیسے لکھنے سے جیسے دوری سی ہوگئی اور ایک طویل وقفہ رہا لیکن 2019 میں بطور کالم نگار ادبی دنیا میں بھرپور طریقے سے واپسی ہوئی تو ایک مرتبہ پھر ادبی تقاریب میں شرکت کی دعوتیں ملنے لگیں ، 2022 میں سیالکوٹ میں ہونے والی ریڈیو لسنرز کانفرنس میں شرکت کی ،

میری اس تحریر کو پڑھنے والے قارئین سوچ رہے ہوں گے کہ اس کالم کا عنوان

"بیاد بزم امروز" کیوں ہے تو اب اسی جانب آؤں گا اور گذشتہ تین چار سال سے لاہور میں بزم امروز کے تحت ہونے والی تقاریب کا تذکرہ کروں گا کہ جن میں میں لگاتار بڑے ذوق و شوق سے شرکت کر رہا ہوں ،

بزم امروز کوئی باقاعدہ ادبی تنظیم نہیں ہے بلکہ یہ ایک ایسا جنون ہے کہ جو میری ادبی زندگی کا ایک انوکھا ترین تجربہ ہے ، وہ کچھ یوں کہ 1988 میں میں نے لکھنے کا آغاز روز نامہ امروز کے بچوں کے ایڈیشن سے کیا ، اس میں ہم جو لکھاری بھی لکھتے تھے وہ دوست بن گئے اور ہم اس میں خطوط کے ذریعے ایک دوسرے سے بہن بھائیوں کی طرح لڑتے جھگڑتے بھی تھے ، روزنامہ امروز گورنمنٹ کے زیر سایہ چلنے والا اخبار تھا ، 1991 میں گورنمنٹ نے اسے بند کردیا تو ہم جو بچوں کے ایڈیشن میں لکھنے والے لکھاری تھے ، سب کے ایک دم جسے دل ہی ٹوٹ گئے اور پھر دل کیا ٹوٹے ، ایک دوسرے سے رابطے بھی ٹوٹ گئے ، کوئی لکھتا رہا کسی نے لکھنا چھوڑ دیا ، آہستہ آہستہ سب اپنے اہنے روزگار کے غموں میں کھو سے گئے اور یہ روزگار کے غم بزم امروز کی یادوں سے کہیں زیادہ دلفریب ثابت ہوئے ، وقت کا پہیہ گھومتا ریا ، کئی ماہ و سال بیت گئے لیکن پھر جب سوشل میڈیا کا انقلاب آیا تو اسکے ذریعے امروز کے بچوں کے ایڈیشن میں لکھنے والے کچھ دوستوں کے آپس میں رابطے ہوئے اور پھر آہستہ آہستہ یہ رابطے پھیلنے لگے اور دوستوں کی کوشش سے بچپن میں اکٹھے ایک اخبار کے بچوں کے ایڈیشن میں لکھنے والے لکھاریوں کا ایک واٹس ایپ گروپ تشکیل پایا اور پھر ایسا بھی ہوا کہ ہر سال میں ایک یا دو مرتبہ ان سب دوستوں کا لاہور میں اکٹھ ہونے لگا ، ایک تقریب منعقد کی جانے لگی جس میں بچپن میں امروز کے بچوں کے ایڈیشن لکھنے لکھانے کی یادوں کا تذکروں کی محفلیں سجائی جانے لگیں ، 2020 سے یہ سلسلہ شروع ہوا اور ابھی تک جاری ہے ، ان تقریبات کو آرگنائز کرنے میں کینڈا میں مقیم ہمارے دو بچپن کے لکھاری دوست رانا گلزار احمد اور فضل احمد فانی پیش پیش رہے ، جو ان تقریبات کے لیے خاص طور پر کینڈا سے تشریف لاتے رہے ، فاروق ندیم جو موجودہ دور میں لاہور کی موبائل اسیسریز کی کمپنی اے ٹی الفا کے اونر ہیں ، وہ ان تقریبات میں بچپن کے لکھاری دوستوں کو اپنی کمپنی کی جانب سے تحائف دینے میں پیش پیش رہتے ہیں ، ایک بات اور بھی قابل ذکر ہے لکھاریوں کو اکٹھا کرکے ایک واٹس ایپ گروپ تشکیل دینے میں ہماری لکھاری بہن روبینہ ناز روبی نے اہم کردار ادا کیا ، راقم الحروف تو ایک حقیر سا لکھاری ہے لیکن اس گروپ میں کئی دوست ایسے بھی ہیں جو موجودہ دور میں شعروادب کے نامور نام بن چکے ہیں ، جن میں اسد بخاری ، کنول بہزاد اور مسرت کلانچوی صاحبہ بھی ہیں کہ جنہوں نے اپنے بیٹے کا نام بھی امروز رکھا ، ارشاد العصر جعفری ، شکیل عادل ، ظفر اللہ ضیا ، پرنس افضل شاہین ، راشد قمر ، طاہر امین ، وسیم بن اشرف ، سجاد احمد ، رانا اسرار احمد خان ، سید موج دریا ، اختر جاوید ، سلیم ایاز ، اقرار اعوان ، ایوب منظر ، اپنے دور کے عظیم شاعر نسیم لیہ کی صاحبزادی ثمرینہ جمال ثمر ، وحید احمد تبسم ،

یہ سب لوگ ہیں جو بزم امروز کی بچپن کی یادوں کو تازہ کرنے کے لیے ان پروگراموں میں شرکت کے لیے بے چین رہتے ہیں ، یہ سب لوگ مختلف شہروں سے آتے ہیں اور اکٹھے ہوکر بچپن کی لکھنے لکھانے کی یادوں کے ہرانے چراغ ایک مرتبہ پھر روشن کرتے ہیں ،