عام آدمی کو معیاری علاج کی سہولت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے,وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائداعظم کے وژن کے مطابق صحت اور تعلیم سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے اور عام آدمی کو معیاری علاج کی سہولت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
وزارت قومی صحت کی ’محفوظ دوا‘ ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 2010–11 میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جعلی ادویات کے باعث تقریباً 100 مریضوں کی اموات کا المناک واقعہ آج بھی یاد ہے، تاہم ’محفوظ دوا‘ ایپ کی بدولت اب ادویات کی اصلیت، قیمت اور دستیابی کی معلومات عام شہریوں تک پہنچانا ممکن ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جعلی ادویات کے اس واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا اس وقت ادویات کے نمونے لندن، جنیوا اور پیرس کی لیبارٹریوں میں بھجوائے گئے، جہاں سے رپور ٹ آئی کہ مریضوں کو دی جانے والی ادویات دراصل دل کی دوائیں نہیں بلکہ ملیریا کی دوا تھیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ماضی کے ایسے واقعات سے سبق حاصل کرنا اور عوامی خدمت کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ضروری ہے انہوں نے ’محفوظ دوا‘ ایپ کی تیاری پر متعلقہ ٹیم اور دوا ساز صنعت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ جعلی ادویات کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
وزیراعظم نے وزارتِ اطلاعات کے تعاون سے ایپ کے بارے میں آگاہی مہم چلانے اور پیغام گھر گھر پہنچانے پر زور دیا, ان کا کہنا تھا کہ ایپ میں ادویات کی قیمت، دستیابی اور متعلقہ معلومات فراہم کرنے کی سہولت ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے ایسے خاندان ہیں جن کے لیے دواؤں کا حصول بڑا چیلنج ہے اشرافیہ مہنگے اسپتالوں میں علاج کرا سکتی ہے، لیکن غریب خاندانوں، ماؤں، بہنوں اور یتیم بچوں کے لیے علاج اور ادویات کی قیمت برداشت کرنا مشکل ہوتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم کے وژن کے مطابق صحت اور تعلیم سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے اور عام آدمی کو معیاری علاج کی سہولت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
مزید پڑھیں

