جمعرات، 26 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

مختلف سوچ، ناقابلِ برداشت، تحریر: مہوش بنت بشارت

نقطہ نظر

انسانی تاریخ کا اگر بنظرِ غائر مطالعہ کیا جائے تو ایک تلخ حقیقت بار بار سامنے آتی ہے کہ دنیا میں جتنی بھی بڑی فکری، سائنسی اور سماجی تبدیلیاں رونما ہوئیں ان کا آغاز کسی ایسے شخص کی سوچ سے ہوا جسے ابتدا میں پاگل، باغی یا گمراہ قرار دیا گیا۔ ہمارے معاشرے میں بھی یہ المیہ اپنی پوری شدت کے ساتھ موجود ہے کہ ہم لکیر کے فقیر بن کر جینے کو تو سعادت سمجھتے ہیں مگر جو شخص اس لکیر سے ذرا سا بھی ہٹ کر قدم رکھنے کی جسارت کرے اسے فوراً تنقید، تمسخر اور مخالفت کے کٹہرے میں کھڑا کر دیا جاتا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر مختلف سوچ رکھنے والوں کو قبول کرنے کے بجائے انہیں رد کیوں کر دیا جاتا ہے؟

اس رویّے کی جڑیں محض سطحی اختلافِ رائے میں نہیں بلکہ ہمارے گہرے نفسیاتی اور سماجی خوف میں پیوست ہیں۔ نفسیاتی طور پر انسان فطرتاً تحفظ اور یقین کا متلاشی ہوتا ہے۔ صدیوں سے رائج تصورات، رسوم و رواج اور فرسودہ روایات انسان کو ایک طرح کا ذہنی سکون اور تحفظ فراہم کرتی ہیں جسے "کمفرٹ زون" کہا جاتا ہے۔ جب کوئی فرد کوئی نیا خیال یا مختلف زاویۂ نگاہ پیش کرتا ہے تو اکثریت کو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ان کے برسوں کے جمع کردہ عقائد اور سماجی ڈھانچے کی بنیادیں ہل رہی ہیں۔ یہ خوف کہ "کہیں یہ نیا خیال ہمارے پرانے نظام کو غلط ثابت نہ کر دے"۔ انسان کے اندر ایک دفاعی ردِعمل پیدا کرتا ہے۔ اس دفاعی حصار کو برقرار رکھنے کے لیے معاشرہ اس نئی سوچ کو سمجھنے کے بجائے اسے سرے سے مسترد کر دینے میں ہی عافیت جانتا ہے۔

سماجی سطح پر دیکھا جائے تو ہمارا معاشرتی ڈھانچہ بھیڑ چال اور یکسانیت کو فروغ دیتا ہے۔ یہاں انفرادیت کو خوبی نہیں بلکہ ایک خطرہ سمجھا جاتا ہے۔ روزمرہ زندگی میں اس کی بے شمار مثالیں ہمارے اردگرد بکھری پڑی ہیں۔ اگر ایک متوسط طبقے کا نوجوان روایتی پیشوں یعنی ڈاکٹر یا انجینئر بننے کے بجائے فنونِ لطیفہ، تحقیق یا کسی منفرد کاروبار کا انتخاب کرے تو پورا خاندان اور محلہ اسے ناکامی کی سند دینے کے لیے تیار بیٹھا ہوتا ہے۔ اسی طرح اگر کوئی شخص فرسودہ معاشرتی رسومات جیسے شادی بیاہ پر بے جا اسراف یا جہیز جیسی لعنت کے خلاف آواز اٹھائے تو اسے اصلاح پسند ماننے کے بجائے "روایات کا دشمن" یا "تنگ دست" کہہ کر رد کر دیا جاتا ہے۔ گویا معاشرہ چاہتا ہے کہ ہر فرد ایک ہی سانچے میں ڈھل کر زندگی گزارے اور جو سانچے سے باہر نکلے اسے کاٹ چھانٹ کر برابر کر دیا جائے یا پھر معاشرے سے الگ تھلگ کر دیا جائے۔

آزادئ فکر کسی بھی زندہ اور ترقی یافتہ معاشرے کی روح ہوتی ہے۔ جہاں سوال اٹھانے پر پابندی ہو اور مختلف رائے رکھنے والے کو غدار یا باغی سمجھا جائے وہاں فکری جمود طاری ہو جاتا ہے۔ معاشرتی عدم برداشت کی ایک بڑی وجہ ہماری تربیت اور تعلیمی نظام بھی ہے جہاں بچوں کو "کیوں" اور "کیسے" پوچھنے کے بجائے رٹے رٹائے جوابات یاد کرنے کی تلقین کی جاتی ہے۔ جب بچپن ہی سے ذہنوں پر تالے ڈال دیے جائیں تو بڑے ہو کر وہ ذہن کسی بھی نئے خیال کو خوش آمدید کہنے کی صلاحیت کھو بیٹھتے ہیں۔ ہم سننے کے لیے نہیں بلکہ محض جواب دینے اور اپنی برتری ثابت کرنے کے لیے بحث کرتے ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اختلافِ رائے اور مختلف سوچ کو اپنی انا کا مسئلہ بنانے کے بجائے اسے فکری ارتقاء کا ذریعہ سمجھیں۔ ضروری نہیں کہ ہر نئی سوچ درست ہو لیکن اسے پرکھنے، سننے اور سمجھنے کا حوصلہ ہر مہذب معاشرے کا شیوہ ہونا چاہیے۔ جب تک ہم انفرادیت کا احترام کرنا نہیں سیکھیں گے اور مختلف سوچ رکھنے والوں کو برداشت کرنے کا ظرف پیدا نہیں کریں گے تب تک ہمارا معاشرہ ماضی کے کھنڈرات میں بھٹکتا رہے گا اور ترقی کے قافلے ہم سے آگے نکل جائیں گے۔