بدھ، 21 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وزیراعلیٰ پنجاب سے پاکستان میں سعودی سفیر کی ملاقات

cm
مصنف:

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سعودی عرب کے شہریوں کو پنجاب کے تاریخی اور سیاحتی مقامات کی سیر کی دعوت دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور سیاحتی تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔

مریم نواز سے سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجع البقمی نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے خادمِ حرمین شریفین اور سعودی ولی عہد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ملاقات میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ریاض میں سرمایہ کاری روڈ شو منعقد کرنے کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔دونوں جانب سے پنجاب سے لائیو اسٹاک، بیف، پولٹری، آم، کینو، آلو اور جھینگوں کی برآمدات کا حجم 500 ارب روپے سے تجاوز کرنے کا ہدف مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔مریم نواز نے کہا کہ سعودی عرب 9.8 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر کے ساتھ پاکستان کو رقوم بھیجنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ انہوں نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں اور سعودی شہروں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے حقِ دفاع کی مکمل حمایت کرتا ہے، جبکہ دونوں ممالک کی مشترکہ اقتصادی طاقت مشترکہ سلامتی کی ضمانت ہے۔

اس موقع پر سعودی سفیر ڈاکٹر راجع البقمی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کو سراہتے ہوئے تمام شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی عرب کے لیے پاکستانی حکومت، مسلح افواج اور عوام کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔سعودی سفیر نے مملکت کی سلامتی، استحکام اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر راجع البقمی نے پنجاب کے تاریخی ورثے اور ثقافتی روایات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مغلیہ دور کی یادگاروں سے لے کر زندہ ثقافتی روایات تک، پنجاب اپنی منفرد کشش رکھتا ہے۔ لاہور کی مہمان نوازی، روایتی کھانے اور گرم جوشی پاکستان سمیت دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں۔