Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

تیسرا بین الاقوامی سیرت فیسٹیول 12 سے 14 اکتوبر تک اسلام آباد میں منعقد ہوگا


قومی رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے زیر اہتمام تیسرا سالانہ بین الاقوامی سیرت فیسٹیول 12 سے 14 اکتوبر 2026ء تک انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن، ایف الیون ون، اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔


3 روزہ فیسٹیول میں افتتاحی تقریب، بین الاقوامی کانفرنس، کتاب میلہ، خطاطی کی نمائش، تقریب رونمائی کتب، تقریری مقابلہ، محفل نعت و مشاعرہ اور سیرت یوتھ کنونشن سمیت متعدد علمی، تحقیقی، ادبی اور ثقا فتی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔


فیسٹیول کے پہلے روز، 12 اکتوبر کو افتتاحی تقریب صبح 11 بج کر 45 منٹ پر مرکزی آڈیٹوریم میں ہوگی، جس کے مہمان خصوصی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ہوں گے۔


اسی روز دوپہر 12 بج کر 45 منٹ پر کتاب میلے کا افتتاح کیا جائے گا، جبکہ ایک بجے خطاطی کی نمائش کا افتتاح ہوگا۔ دن کی اہم سرگرمیوں میں تقریب رونمائی کتب بھی شامل ہے، جو سہ پہر 3 بجے ملٹی پرپز ہال میں منعقد ہوگی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ہوں گے۔


فیسٹیول کے دوسرے روز، 13 اکتوبر کو صبح 10 بجے بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح ہوگاجس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال ہوں گے۔


کانفرنس میں مختلف علمی و تحقیقی موضوعات پر نشستیں منعقد کی جائیں گی۔ پہلی 3 نشستیں صبح 11 بج کر 30 منٹ پر کانفرنس ہالز ایک، 2 اور 3 میں ہوں گی، جبکہ اسی وقت ملٹی پرپز ہال میں تقریری مقابلہ بھی منعقد ہوگا۔


فیسٹیول کے تیسرے اور آخری روز، 14 اکتوبر کو صبح 10 بجے بین الاقوامی کانفرنس کی دسویں نشست کانفرنس ہال ون میں منعقد ہوگی اسی روز صبح 11 بجےمرکزی آڈیٹوریم میں سیرت یوتھ کنونشن ہوگا، جس کےمہمان خصوصی وزیراعظم کےیوتھ پروگرام کے چیئرمین رانامشہوداحمد خان ہوں گےفیسٹیول کی اختتا می تقریب دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر مرکزی آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی۔


قومی رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس فیسٹیول میں سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات کو اجاگر کرنے، نوجوانوں کو پیغامِ سیرت سے جوڑنے اور علمی و فکری مکالمے کو فروغ دینے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔


دوپہر 2 بجے کانفرنس کی چوتھی، پانچویں اور چھٹی نشستیں منعقد ہوں گی، جبکہ سہ پہر 3 بج کر 45 منٹ پر ساتویں، آٹھویں اور نویں نشستوں کا انعقاد ہوگا۔ دوسرے روز کی اختتامی سرگرمی محفل نعت و مشا عرہ ہوگی، جو شام 6 بج کر 15 منٹ پر ملٹی پرپز ہال میں منعقد ہوگی۔


بین الاقوامی کانفرنس کے ذریعے سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر علمی و تحقیقی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ کتاب میلے، خطاطی کی نمائش اور تقریب رونمائی کتب کے ذریعے علم و ادب اور اسلامی فنون کو نمایاں کیا جائے گا۔


تقریری مقابلے، محفل نعت و مشاعرہ اور سیرت یوتھ کنونشن فیسٹیول کے اہم حصے ہوں گے، جن کا مقصد نوجوانوں، طلبہ، اہل علم، ادیبوں اور معاشرے کے مختلف طبقات کو سیرت النبی ﷺ کے پیغام سے وابستہ کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔


3 روزہ فیسٹیول کی تمام سرگرمیاں انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن، ایف الیون ون، اسلام آباد میں منعقد ہوں گی-