بہروپئے، تحریر: رئیس عنایت اللہ چاچڑ
نقطہ نظر
دنیا بھی عجیب تماشا گاہ ہے، یہاں چہروں پر چہرے سجائے ایسے ایسے لوگ ملتے ہیں جنہیں دیکھ کر انسان دھوکا کھا جاتا ہے۔ کچھ لوگ بظاہر محبت، خلوص، ہمدردی اور وفاداری کی ایسی خوبصورت تصویر پیش کرتے ہیں کہ ان کے کردار پر شک کرنے کو بھی دل نہیں مانتا، مگر وقت کی گرد جب ان کے چہروں سے نقاب ہٹاتی ہے تو حقیقت اتنی بھیانک ہوتی ہے کہ انسان اپنے فیصلوں پر حیران رہ جاتا ہے۔ یہی وہ بہروپئے ہیں جو لفظوں سے محبت بانٹتے ہیں مگر دلوں میں نفرت کے بیج بوتے ہیں، جو محفلوں میں خیرخواہی کے دعوے کرتے ہیں مگر تنہائی میں دوسروں کی خوشیوں کے دشمن بن جاتے ہیں۔ بہروپیوں کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ ہر شخص کے سامنے اسی کا پسندیدہ چہرہ لے کر آتے ہیں۔ جہاں مفاد ہو وہاں عاجزی کا لبادہ اوڑھ لیتے ہیں، جہاں طاقت نظر آئے وہاں وفاداری کے قصیدے پڑھنے لگتے ہیں اور جہاں کسی کمزور انسان کا سامنا ہو وہاں اپنی انا کا پہاڑ کھڑا کر دیتے ہیں۔ ان کے نزدیک رشتوں کی کوئی مستقل حیثیت نہیں ہوتی، دوستی بھی ضرورت کے تابع ہوتی ہے اور تعلق بھی فائدے کی میزان میں تولا جاتا ہے۔ جب تک آپ ان کے کام آتے ہیں، آپ سے بڑھ کر کوئی اپنا نہیں ہوتا، لیکن جس دن آپ کی ضرورت ختم ہو جائے، اسی دن ان کے لہجے، رویے اور ترجیحات سب بدل جاتے ہیں۔ یہ لوگ صرف دوسروں کو دھوکا نہیں دیتے بلکہ انسانیت کے خوبصورت جذبوں کا بھی مذاق اڑاتے ہیں۔ کسی کی سادگی کو کمزوری، کسی کی خاموشی کو بے بسی اور کسی کی شرافت کو اپنی کامیابی سمجھ بیٹھتے ہیں۔ انہیں یہ احساس ہی نہیں ہوتا کہ کسی کا اعتماد توڑنا محض ایک تعلق ختم کرنا نہیں بلکہ ایک انسان کے اندر سے اعتبار کا چراغ بجھا دینا ہے۔ ان کی انا اتنی بلند ہوتی ہے کہ انہیں اپنی غلطی بھی غلطی دکھائی نہیں دیتی، اور ان کا مفاد اتنا عزیز ہوتا ہے کہ کسی دوسرے کا نقصان انہیں کبھی نقصان محسوس نہیں ہوتا۔ بعض بہروپیے ایسے بھی ہوتے ہیں جو دوسروں کے سامنے اخلاق، اصول اور سچائی کے بڑے بڑے درس دیتے ہیں، مگر جب خود پر عمل کرنے کی باری آتی ہے تو ان کے تمام دعوے ہوا ہو جاتے ہیں۔ انہیں دوسروں کی معمولی لغزش بھی پہاڑ دکھائی دیتی ہے، لیکن اپنی بڑی سے بڑی غلطی پر پردہ ڈالنے کے لیے سو دلیلیں تیار رکھتے ہیں۔ یہ دوسروں کی کامیابی سے خوش ہونے کے بجائے اندر ہی اندر جلتے رہتے ہیں۔ کسی کو آگے بڑھتا دیکھیں تو حوصلہ افزائی کے دو بول بولنے کے بجائے اس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے لگتے ہیں۔ ایسے لوگ بھول جاتے ہیں کہ کسی کی روشنی بجھانے سے اپنا اندھیرا کبھی ختم نہیں ہوتا۔ انسانی رشتے خلوص، اعتماد، برداشت اور احساس کے سہارے قائم رہتے ہیں، مگر مفاد پرست لوگ ان خوبصورت رشتوں کو بھی اپنی خواہشات کی بھینٹ چڑھا دیتے ہیں۔ کبھی دوست بن کر راز حاصل کرتے ہیں، کبھی ہمدرد بن کر کمزوریاں جانتے ہیں اور پھر وقت آنے پر انہی باتوں کو دوسروں کے سامنے تماشہ بنا دیتے ہیں۔ انہیں کسی کے آنسوؤں سے کوئی سروکار نہیں ہوتا، انہیں صرف اپنی جیت عزیز ہوتی ہے۔ ان کے نزدیک تعلقات نبھانا نہیں بلکہ تعلقات سے فائدہ اٹھانا اہم ہوتا ہے۔ ایسے کردار معاشرے میں محبت کے بجائے بداعتمادی اور نفرت کو جنم دیتے ہیں۔ مگر وقت کا اپنا ایک اصول ہے، یہ کسی کا محتاج نہیں اور نہ ہی کسی کے چہرے سے متاثر ہوتا ہے۔ آج جو شخص اپنے لفظوں، چالاکیوں اور مصنوعی خلوص سے دوسروں کو متاثر کر رہا ہے، کل وہی اپنے کردار کے ہاتھوں بے نقاب ہو سکتا ہے۔ کیونکہ حقیقت کو زیادہ دیر تک پردوں میں قید نہیں رکھا جا سکتا۔ خوشبو اور بدبو کی پہچان آخرکار ہو ہی جاتی ہے، چاہے پھولوں کے درمیان کانٹے کتنی ہی خوبصورتی سے کیوں نہ چھپائے گئے ہوں۔ زندگی میں ایسے لوگوں سے نفرت کرنے کے بجائے ان سے فاصلہ رکھنا زیادہ دانش مندی ہے۔ ہر مسکراتا چہرہ مخلص نہیں ہوتا، ہر میٹھا بولنے والا خیرخواہ نہیں ہوتا اور ہر ساتھ چلنے والا ہم سفر نہیں ہوتا۔ انسان کو اپنی شرافت ضرور برقرار رکھنی چاہیے، مگر اپنی آنکھیں بھی کھلی رکھنی چاہئیں۔ کیونکہ خلوص کا مطلب یہ نہیں کہ ہر کسی پر اعتبار کر لیا جائے اور اچھے اخلاق کا مطلب یہ نہیں کہ ہر کسی کو اپنے جذبات سے کھیلنے کی اجازت دے دی جائے۔ میرا ماننا ہے کہ انسان کو اپنی زندگی میں کردار کو چہرے سے زیادہ اہمیت دینی چاہیے۔ کسی کی دولت، عہدہ، شہرت یا میٹھی گفتگو سے متاثر ہونے کے بجائے اس کے رویے، معاملات اور دوسروں کے ساتھ برتاؤ کو دیکھنا چاہیے۔ کیونکہ انسان کی اصل پہچان اس وقت ہوتی ہے جب اسے کسی سے کوئی فائدہ حاصل نہ ہو رہا ہو۔ جو شخص بے غرض ہو کر کسی کا ساتھ نبھاتا ہے، وہی حقیقی معنوں میں انسان کہلانے کا حق دار ہے۔ آخر میں بس اتنا کہنا چاہوں گا کہ نقاب چہرے کو کچھ وقت کے لیے چھپا سکتا ہے، کردار کو ہمیشہ کے لیے نہیں۔ دنیا میں سب سے خوبصورت انسان وہ نہیں جو دوسروں کے سامنے اچھا دکھائی دے، بلکہ وہ ہے جو پیٹھ پیچھے بھی کسی کا برا نہ چاہے۔ یاد رکھیے! بہروپ بدل کر لوگوں کو کچھ عرصہ تو دھوکا دیا جا سکتا ہے، مگر وقت اور ضمیر کی عدالت میں کوئی ہمیشہ کے لیے بے نقاب ہونے سے نہیں بچ سکتا۔ چہرے بدلنے والے بہت مل جائیں گے، مگر کردار نبھانے والے ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں





