یہ محاورہ"نیکی کر دریا میں ڈال " سے کون واقف نہیں۔یقینا محاورتا کہا گیا ہے کہ نیکی کرکے بھول جائیں ۔اسے یا نہ کریں اور نا ہی اسے یاد کروائیں جس کے ساتھ نیکی کی تھی۔ اورنا ہی نیکی کسی صلے کی آس میں کی جائے ۔ بس کوئ چھوٹی سی سہی نیکی کرتے رہا کیجئے۔کیونکہ جب انسان کسی کے دکھ تکلیف میں کام آ کر ، اس کی خوشی اور سکون کا سبب بنتا ہے تو یقین مانیئے جو خوشی اور اطمینان آپ کے اپنے رگ و پے میں اترتا ہے ۔اس کا کوئ نعم البدل ہے ہی نہیں۔
شاید ذہن میں یہ سوال بھی ابھریں کہ کیا واقعی نیکی کا فائدہ ہوتا ہے؟ اور اس مہنگائی اور نفسا نفسی کے دور میں یہ ممکن ہے؟ بے شک مشکل تو ہے ۔لیکن ضروری نہیں کہ نیکی بہت سا روپیہ پیسہ خرچ کرکے ہی کمائ جا سکتی ہے۔ کبھی کبھار کسی کا دکھ سن کر اس کا من ہلکا کر دینے سے اس فرد کے سکون کا باعث بن جانا بھی ہے۔
کھبی کسی کو صحیح اور مخلصانہ مشورہ دے کر ،صحیح راہ دکھا کر بھی اس کی مشکل آسان کر کے ممکن ہے۔
کیونکہ ہم لوگ نصیحتیں کرنے کے ،واعظ سنانے کے عادی ہیں۔دوسروں کی بات سنتے ہی نہیں ۔لہذا یہ بھی ضروری ہے کہ ہم کبھی کبھی اوروں کی سن بھی لیا کریں۔ کبھی کسی عمر رسیدہ و تنہا فرد کے ساتھ بیٹھ جایا کریں، اور صرف ان کی سنیں ۔ایسا کرنے سے ہمارا تو کچھ خرچ نہیں ہو گا ۔البتہ سنانے والے فرد کے اندر کی گھٹن ضرور کم ہو جائے گئ۔ وہ شعر ہے نا (معذرت اگر شعر کا کوئ لفظ گڑ بر کر دیا ہو تو)
۔گھر سے مسجد ہے بہت دور چلو یوں کر لیں
کسی روتے ہوئے بچے کو ہنسایا جائے ۔
کھبی پڑوس میں کسی کو کھانے کی کوئ چیز، مثلا پھل ،مٹھائی ،کبھی گھر میں کچھ میٹھا یا خاص چیز پکے تو کوشش کریں کہ سارے محلے میں بے شک نہ بانٹیں۔لیکن اپنے گھر میں کام کرنے والی کو اور برابر والے گھر میں ضرور دیں۔ آپ دیکھیں گے کہ بلا شبہ آپ کوئ بہت قیمتی چیز نہیں دے رہے ہوں گے ۔لیکن اس اچانک ملنے والے معمولی سے تحفے سے جو مسکراہٹ لینے والے کے چہرے پہ آتی ہے ۔تو ساری محنت وصول ہو جاتی ہے۔
کیونکہ ہم نہیں جانتے کہ کبھی وہ شے سامنے والے کو کتنی خوشی دے جاتی ہے۔ تو اس کے دل سے کیسی دعا خود بخود نکل جاتی ہے۔
اور وہی دعائیں ڈھال کی صورت میں،کبھی اس شخص سے ملنے والے پیار اور احترام کی شکل میں۔ ہمارے پاس واپس ضرور آتی ہیں۔ کیونکہ میرا تو یہ پختہ یقین ہے۔اس کے لئے ہمارے ساتھ پیش انے والا انوکھا سا واقعہ بیان کرنا چاہوں گی۔
ایک دن میں اور منظور صاحب مارکیٹ سے ہفتے بھر کا سودا سلف خرید کر لا رہے تھے ۔جو کہ دس بارہ کلو کے قریب ہوگا ۔بڑی بڑی تھیلیاں موٹر سائیکل(125)کے ہینڈلز پہ لٹکا رکھی تھیں۔اتوار کا دن تھا سڑک پہ گاڑیاں نہ ہونے کے برابر تھیں۔مجھے اچانک خیال ایا کہ جاتے جاتے اے ٹی ایم سے پیسے بھی لیتے چلتے ہیں۔ہم سیدھا جا رہے تھے ۔جبکہ بینک کے لئے دائیں جانب کو مڑنا تھا ۔اور وہ ون وے تھا۔ روڈ یوں تو خالی تھا ،لیکن شومئی قسمت جیسے ہی ہم دائیں جانب مڑنے لگے ۔تو پیچھے سے ایک موٹر سائیکل آ کر ٹکرا گئ۔اور ہم سامان سمیت روڈ پہ آ گئے۔
خدا کا جتنا بھی شکر کروں وہ کم ہے۔ شوہر صاحب موٹر سائیکل کے نیچے آ تو گئے ۔لیکن حیرت اور خوشی کہ انہیں ایک خراش تک نہ آئ۔اور رہی میں تو اس اچانک واقعے سے مجھے کچھ بھی یاد نہیں۔کہ نجانے میں بالکل آرام سے روڈ پہ کھڑی کیسے ہو چکی تھی۔کہ جیسے کچھ ہوا ہی نہیں۔ جیسے کسی نےبس سیدھا کھڑا کر دیا ہو۔ پیچھے سے ٹکرانے والے موٹر سائیکل سوار بھی آگئے۔ انہوں نے موٹر سائیکل اور منظور صاحب کو اٹھانے میں مدد کی ۔
بس بار بار خدا کا شکر ادا کئے جا رہی تھی۔کہ کسی بڑے حادثے سے اس نے مکھن سے بال کی طرح نکال کر بچالیا ۔یہ اور اس طرح کے اور بھی کچھ واقعات پیش آئے ہیں۔بظاہر جن سے بچنا ناممکن سی بات تھی ۔اس لئے مجھے تو یقین ہے کہ ایسے حادثات سے بچ جانا محض دعاوں کی ڈھال ہے ۔وہ اپنے ماں باپ کی ہوسکتی ہیں۔اور کسی کے دل سے نکلنے والی بھی ہو سکتی ہیں۔
لہذا کوشش کرتے ریا کریں کہ چھوٹی سہی کوئ خیر کوئ نیکی کرتے رہا کریں۔جب ہر شخص ایک دوسرے کے دل سے نکلنے والی دعائیں سمیٹتا رہے گا ۔تو لا محالہ یہ ایک ایکو سسٹم سا بن کر چلتا رہے گا ۔اس لئے خوشیاں اور آسانیاں بانٹتے رہا کیجئے۔کہ نجانے کب اور کہاں کوئ نیکی کوئ دعا کام آ جائے۔
مزید پڑھیں




