غزہ میں ٹھٹھرتی لاشیں اور سنگ دل دنیا ،تحریر: ملک محمد شاکر بہاولپوری
نقطہ نظریہ محض کسی المیے کی داستان یا وقتی تباہی کا نوحہ نہیں، بلکہ انسانی تاریخ کا وہ سیاہ ترین اور شرمناک باب ہے جہاں خود انسانیت اپنے ہی ہاتھوں سے اپنے جنازے پر مٹی ڈال رہی ہے۔ غزہ کی 22 سے 24 لاکھ نفوس پر مشتمل آبادی کا تقریباً 85 فیصد حصہ اپنے ہی وطن میں در بدر کر کے بارود کے ملبے اور اندھیرے کیمپوں کی نذر کر دیا گیا ہے۔ 15 لاکھ سے زائد انسان کھلے آسمان تلے پھٹے پرانے خیموں میں بے یار و مددگار سسک رہے ہیں، جہاں زندگی کی رمق تک نوچ لی گئی ہے۔ یہ کوئی قدرتی آفت نہیں بلکہ نسل کشی کی ایک وحشیانہ اور منظم سازش ہے، جس کے تحت سرحدوں پر آہنی پہرے بٹھا کر بھوک اور پیاس کو ایک سفاک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ وہ بستیاں جو کبھی قہقہوں، اذانوں اور معصوم بچوں کی کلکاریوں سے گونجتی تھیں، آج بھوک کے ایک ایسے خوفناک قبرستان میں بدل چکی ہیں جہاں دنیا کی بے حس نگاہوں کے سامنے ایک پوری قوم کو ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مرنے کے لیے تنہا چھوڑ دیا گیا ہے۔
فاقہ کشی کی اذیت اس روح فرسا انتہا کو چھو چکی ہے کہ غزہ میں بھوک کی تلوار سے ذبح ہونے والوں کی تعداد 900 سے تجاوز کر چکی ہے۔ ہر گزرتے 24 گھنٹوں میں 15 سے 18 انسان محض روٹی کے ایک ٹکڑے اور پانی کی ایک بوند کو ترستے ترستے دم توڑ رہے ہیں۔
کمال عدوان اسپتال میں کم از کم 15 معصوم بچے بھوک اور پیاس کی شدت سے تڑپ تڑپ کر دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں اور غزہ کے سب سے بڑے اسپتال کے مطابق محض 3 دنوں میں 21 پھول جیسے بچے فاقہ کشی کی بھینٹ چڑھ گئے۔ شیر خوار بچوں کے دودھ اور غذا پر قابض درندوں کے پہروں نے ماؤں کی گودیں اجاڑ کر رکھ دی ہیں، اور ماؤں کی خشک چھاتیوں سے لپٹے بلکتے بچے موت کی آغوش میں جا رہے ہیں۔ وحشت کا یہ عالم ہے کہ زخمیوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرزاور امدادی کارکن خود بھوک سے نڈھال ہو کر اسپتالوں کے خون آلود فرش پر غش کھا کر گر رہے ہیں۔ خوراک کا قحط اس قدر شدید ہے کہ تقریباً ایک تہائی آبادی کئی کئی دن تک محض ہوا پھانک کر گزارا کرنے پر مجبور ہے اور 90,000 سے زائد خواتین و بچے غذائی قلت کے آخری کنارے پر کھڑے موت کا انتظار کر رہے ہیں۔ یونیسیف کے مطابق 4,70,000 سے زائد انسان قحط کے سب سے خوفناک اور جان لیوا مرحلے میں دھکیل دیے گئے ہیں، جبکہ 71,000 نفوس ایسے ہیں جنہیں اگر اسی لمحے خوراک اور دوا نہ ملی تو ان کی ڈوبتی سانسیں ہمیشہ کے لیے تھم جائیں گی۔ جو بدنصیب ابھی تک زندہ ہیں، ان کے جسم گوشت سے عاری ہو کر چلتے پھرتے ڈھانچوں میں ڈھل چکے ہیں، اور معصوم بچے کچرے کے ڈھیروں سے گلے سڑے آلوؤں کے چھلکے، سوکھی گھاس اور جانوروں کا چارہ چن چن کر اپنی انتڑیوں کی آگ بجھانے کی دلخراش کوشش کر رہے ہیں۔
پیاس کا جہنم اس دہکتی ہوئی کربلا میں مزید قیامت ڈھا رہا ہے، جہاں صاف پانی کی ایک ایک بوند کے لیے زندگی اور موت کی جنگ لڑی جا رہی ہے۔ صہیونی بمباری اور اندھا دھند گولہ باری نے پانی اور نکاسیِ آب کے زمینی ڈھانچے کا 88 فیصد اور زیرِ زمین نیٹ ورک کا 76 فیصد حصہ مکمل طور پر تباہ و برباد کر دیا ہے۔ بجلی اور توانائی کا 90 فیصد نظام راکھ کا ڈھیر بن جانے سے واٹر پمپس اور فلٹریشن پلانٹس ہمیشہ کے لیے خاموش ہو چکے ہیں اور پانی کی فراہمی جنگ سے پہلے کے مقابلے میں بمشکل 40 فیصد رہ گئی ہے۔ غزہ شہر کی بلدیہ کے پاس شہریوں کی پیاس بجھانے کے لیے ضرورت کا محض 25 فیصد پانی بچا ہے۔ نلکوں کے خشک ہو جانے کے بعد کھنڈر بنی سڑکوں پر بے بس مائیں، جھکی ہوئی کمر والے بوڑھے اور ننگے پاؤں معصوم بچے خالی گیلن اور ڈبے اٹھائےمیلوں تک خاک چھانتے پھرتے ہیں۔ خون پسینہ ایک کر کے جو پانی نصیب ہوتا ہے، وہ بھی کسی میٹھے زہر سے کم نہیں؛ لیبارٹری کے تجزیے چیخ چیخ کر بتا رہے ہیں کہ 73 فیصد سے زائد پانی عالمی ادارہ صحت کے معیار پر پورا نہیں اترتا اور 18 فیصد سے زائد نمونوں میں خطرناک جراثیم اور آلودگی سرایت کر چکی ہے جس کی وجہ سے جان لیوا اسہال اور پیٹ کی مہلک بیماریاں 2 گنا بڑھ چکی ہیں۔ لٹے پٹے اور مفلس خاندانوں کے پاس ٹینکروں سے مہنگا پانی خریدنے کے لیے ایک پھوٹی کوڑی تک نہیں بچی، چنانچہ خیموں میں آلودہ پانی کو قطرہ قطرہ بانٹ کر صرف سوکھے حلق تر کیے جاتے ہیں، جبکہ نہانے اور کپڑے دھونے کا تصور اب ان ویرانوں میں ایک حسرت بن کر رہ گیا ہے۔
بے گھری کے ان مقتلوں پر آسمان بھی قہر بن کر ٹوٹ رہا ہے، جہاں کٹی پھٹی ترپالوں کے نیچے سسکتی زندگیاں موسم کی بے رحم طغیانیوں کے رحم و کرم پر ہیں۔ طوفانی بارشوں اور یخ بستہ ہواؤں نے لٹے پٹے ہزاروں خاندانوں کے خیمے اکھاڑ کر فضاء میں بکھیر دیے ہیں اور پورا علاقہ سیوریج اور بارش کے متعفن پانی کے جوہڑ میں تبدیل ہو چکا ہے۔ ہڈیاں جما دینے والی سرد راتوں میں، جب بستر، کپڑے اور کمبل کیچڑ اور گندے پانی میں ڈوب جاتے ہیں، تو کتنے ہی معصوم شیر خوار بچے کڑاکے کی ٹھنڈ اور نمونیا کی اذیت سہتے سہتے اپنی بے بس ماؤں کے سینوں پر ہی اکڑ کر برف ہو جاتے ہیں۔ تقریباً 60 فیصد آبادی اپنے خیموں سے محض چند قدم کے فاصلے پر بہتے ہوئے انسانی فضلے اور ابلتے گٹروں کے تعفن میں سانس لینے پر مجبور ہے اور 9,00,000 سے زائد انسان غلاظت اور کچرے کے پہاڑوں کے درمیان محصور ہو چکے ہیں۔ پناہ گزینوں کے ان دم گھونٹ دینے والے کیمپوں میں، جہاں صابن اور صاف پانی کا تصور تک نہیں اور انسان کیچڑ بھرے فرش پر چوہوں کے درمیان سونے پر مجبور ہیں، 50 فیصد سے زائد خاندانوں میں چکن پاکس، خارش، پسو، جوؤں، جلدی امراض اور نمونیا کی مہلک وبائیں پھیل چکی ہیں۔ 8 سال کے معصوم بچوں کے نحیف جسم سرخ زخموں اور پیپ بھرے آبلوں سے چھلنی ہو چکے ہیں، مگر اسپتالوں میں ان تڑپتے زخموں پر رکھنے کے لیے مرہم کی ایک پٹی تک موجود نہیں ہے۔
ظلم و سفاکی کی انتہا تب ہوتی ہے جب بھوک سے بلکتے ہوئے نہتے شہریوں کو انسانی امداد کا جھانسا دے کر موت کے جال میں پھنسایا جاتا ہے۔ آٹے کی بوریوں اور امدادی ٹرکوں کے منتظر بھوکے انسانوں پر براہِ راست توپوں اور مشین گنوں کے دہانے کھول کر بھوک کے ماروں کو انہی کے خون میں نہلا دیا گیا ہے۔ ایک ہی روز میں امداد کی آس لیے کھڑے 92 نہتے شہریوں کو گولیوں سے بھون کر شہید اور 200 سے زائد کو عمر بھر کے لیے معذور کر دیا گیا۔ دوسری طرف سرحدوں کے اس پار ٹنوں کے حساب سے خوراک، ادویات اور گرم کپڑے گوداموں میں گل سڑ رہے ہیں مگر محاصرے کی سفاک زنجیروں سے انہیں غزہ کے بھوکوں تک پہنچنے سے روکا جا رہا ہے۔ غزہ میں شہیدوں کے لیے کفن، باڈی بیگز اور سرد خانے تک ختم ہو چکے ہیں اور روزانہ درجنوں لاشوں کو پھٹے پرانے کپڑوں اور پلاسٹک کی تھیلیوں میں لپیٹ کر اجتماعی قبروں میں اتارا جا رہا ہے۔ یہ قیامت خیز منظر پوری دنیا کے انسانوں، عالمی طاقتوں اور امتِ مسلمہ کے مردہ ضمیر پر ایک زناٹے دار طمانچہ ہے۔ کیا ہمارے سینوں میں دھڑکتے دل پتھر کے ہو چکے ہیں اور روحوں سے خوفِ خدا نکل چکا ہے کہ ہم اپنی آنکھوں کے سامنے معصوم بچوں کو پانی کے ایک گھونٹ اور روٹی کے ایک نوالے کے لیے ایڑیاں رگڑتا دیکھ کر بھی بے حس تماشائی بنے بیٹھے ہیں؟ غزہ کے ان لٹے پٹے مظلوموں کی فوری دادرسی، سرحدی راستوں کی بلا شرط کشادگی، خوراک، صاف پانی، خیموں اور ادویات کی ہنگامی فراہمی کے لیے اٹھ کھڑا ہونا اب محض کوئی نیکی یا احسان نہیں بلکہ انسانیت کے زندہ ہونے کی آخری کسوٹی ہے۔ اگر آج بھی ہمارا سویا ہوا ضمیر نہ جاگا اور ان ڈوبتی سانسوں کو سہارا نہ دیا گیا، تو تاریخ کے کٹہرے میں ہمارا یہ مجرمانہ سکوت قاتلوں کے جرم سے کسی طور کم نہیں گنا جائے گا۔
مزید پڑھیں




