جمعہ، 13 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

آج تاریخ کے پنوں میں، تحریر: عائشہ بنتِ محمد یاسین

نقطہ نظر

ہر نئے دن کی شروعات ہمیں زمانے کی تاریخ میں ایک نئے موڑ پر کھڑا کر دیتی ہے، رفتہ رفتہ ہم تاریخ کے اوراق الٹتے چلے جائیں گے اور ہر گزرتے لمحے کے ساتھ کہانیاں بند ہوئی جائیں گی، وقت کا پہیہ گھومتا چلا جائے گا، عمر کی ساعتیں سمٹتی چلی جائیں گی، ہم مختصر سے مختصر ہوتے جائیں گے، یہاں تک کہ ایک دن ہماری حیات کی عمارت بھی منہدم ہو جائے گی اور عنقریب وہ وقت آئے گا جب ہماری دیوارِ حیات گِر کر بھسم ہو جائے گی اور ہم تاریخ کے مردہ پنوں میں پائے جائیں گے۔ "آج" کی تاریخ کے ہم خود مؤرخ ہیں، ہم خود مصنف ہیں اور آج ہم جو رقم کریں گے کل وہ تاریخ کی پیشانی پر ثبت ہو جائے گا۔ انسانی اختراعات کی فتح سے لے کر تنازعات اور جبر تک تاریخ کے اوراق سانحات سے بھرے پڑے ہیں، جب ہم آج کی نئی دنیا کی پیچیدگیوں کا جائزہ لیتے ہیں تو ہمارے لیے ضروری ہے کہ تاریخ کے پنوں میں پائے جانے والے ورثے کی اہمیت کو تسلیم کریں۔

جب ہم ماضی کے دریچوں میں جھانکتے ہیں تو ہمیں ادراک ہوتا ہے کہ "آج"، "ابھی" یہ لمحہ کس قدر اہم ہے، کس قدر قیمتی ہے۔ ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ تاریخ کو آج نے ہی تشکیل دیا ہے، "آج" صرف ماضی کا عکس نہیں ہے بلکہ یہ مستقبل کا آئینہ بھی ہے۔ آج کے اعمال ہمارے کل کے نتائج ہوتے ہیں۔ جو فیصلہ ہم آج لیں گے، جو کام ہم آج سر انجام کریں گے، جو اقدامات ہم آج اٹھائیں گے، وہ کل کی دنیا کو تشکیل دیں گے۔

ہم تاریخ کے غیر فعال مبصرین نہیں ہیں بلکہ وقت کے دھارے کو مزین کرنے والے فعال مبصرین ہیں۔ آج اس لمحہ ہمیں چناؤ کرنے کا اختیار ہے، ہمیں اختیار ہے کہ ہم تاریخی مستقبل کے خود مؤرخ بنیں۔ تاریخ کے اوراق میں آج کا دن ایک اہم لمحے کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ یہ ایسے عظیم وقت کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب وقت نے ہمیں کچھ کرنے کی مہلت دی تھی۔ یہ ایسے وقت کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب انسانیت امن کو تشکیل دینے اور کچھ منصفانہ کام کرنے کے لیے اکھٹی ہوئی تھی۔

اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ہم تاریخ کی پیچیدگیوں میں اس قدر الجھ جاتے ہیں کہ "آج" کو بے ارادہ "کل" بنا دیتے ہیں، اور جب وقت ہاتھ سے نکل جاتا ہے تو ہمارے دامن میں صرف حسرت، ندامت اور پچھتاوا باقی رہ جاتا ہے۔ سب سے پہلے ایک بات طے کر لی جائے کہ ماضی اور حال دو الگ حقائق ہیں جو کبھی ایک ساتھ نہیں آ سکتے یعنی جو چیز ماضی ہے وہ حال نہیں ہے اور جو حال ہے وہ ماضی تو بن سکتا ہے مگر وہ گزرا ہوا ماضی نہیں بن سکتا۔


ماضی کی اقسام:

ماضی قریب

ماضی بعید


ماضی قریب وہ ماضی جس کو حال میں ہم نے ماضی میں منتقل کیا، اب ہم پر انحصار ہے ماضی قریب کو ہم نے کیسا بنانا ہے، گزرے وقت پر پچھتا کر روگ و سوگ والا یا تاریخی ماضی جس کی تاریخ میں آپ کا نام رقم کیا جائے۔


ماضی بعید ایسا ماضی جو ماضی قریب سے پہلے واقع ہوا ہو اور اس کو ماضی بنے کافی وقت گزر چکا ہو یہ وہ ماضی ہے جس سے ہم نے تجربات حاصل کر کے ماضی قریب کو بہترین بنانا ہے۔


"آج" ایک ایسا لمحہ ہے جو تاریخ سے جڑا ہوا ہے، یہ ایک ایسا دن ہے جو ماضی کے تجربات، واقعات اور فیصلوں سے تشکیل پایا ہے۔ آج ہم جس معاشرے میں ہیں وہ ان لوگوں کی پیداوار ہے جو ہم سے پہلے تاریخ میں رقم ہو چکے ہیں۔ یار رہے تاریخ میں صرف ان کا نام رقم ہو سکتا ہے جنہوں نے واقعی قابلِ فخر اعمال سر انجام دیے ہوں اور ہمیں چاہیے کہ تاریخ کے پنوں میں نقش شدہ نام ور انسانوں کی زندگیوں سے سیکھیں اور آج جو کہ جلد ہی کل بن جائے گا اس کو ایسا بنانے کی کوشش کریں کہ تاریخ خود اس کو تاریخ کے پنوں پر نقش کرنے پر مجبور ہو جائے۔


ہم جب مستقبل کی جانب دیکھیں تو ہم میں امید بیدار ہوتی ہے کہ ہمیں ایسا کرنا چاہیے۔ ہم جن مسائل کا سامنا کرتے ہیں ان پر قابو پانا کٹھن نہیں۔ ہمیں یقین ہونے لگتا ہے کہ جن مشکلات کا ہم سامنا کر رہے ہیں، وہ ناقابلِ تسخیر نہیں۔ ہم میں ایسی طاقت ابھرتی ہے جس سے ہمیں محسوس ہوتا ہے کہ وقت نے تقدیر کا قلم ہمیں تھما دیا ہے۔ اب ہم اپنے جذبے اور اللّٰه سُبحانه و تعالٰی کی عطا کردہ طاقت سے دنیا بدلنے کی ہمت رکھتے ہیں اور ہم تاریخی مستقبل کو بہتر انداز میں تخلیق دے سکتے ہیں۔ حقیقت یہی ہے کہ تاریخ خود نہیں لکھی جاتی بلکہ اسے وہ لوگ رقم کرتے ہیں جو اپنے "آج" کو مقصد اور عمل سے آراستہ کر لیتے ہیں۔