اسی دھرتی کے باسی ہم بھی،تحریر:کنیز سسیلیا منظور
نقطہ نظر
14اگست2023 کے دن بڑے جوش و خروش اورجذبہ حب الوطنی سے جشنِ آزادی منایا گیا ،ہر پاکستانی نے بلا مذہب و مسلک کی تفریق کے عقیدت اور دلی محبت کے ساتھ اسے منایا ،پاکستان کے جھنڈے لہرائے ،جھنڈیاں سجائ گئیں ۔ملی نغنے گائے ۔گرجاگھروں میں ملک_پاکستان کی امن و سلامتی کے لئے دعائیں بھی مانگی گئیں ۔پھر ٹھیک دو دن بعد 16اگست کو اسی آزاد ملک کے آزاد باشندوں نے بڑی بے رحمی اور سفاکی سے جڑانوالہ میں مذہبی قانون کی آڑ میں اچانک بیٹھے بٹھائے پر سکون لوگوں کو اپنے گھر اور متاع حیات چھوڑنے پہ مجبور کر دیا۔
دیکھتے ہی دیکھتے ان کی بستی میں حشر برپا کر دیا گیا۔گرجا گھروں ،صلیبیوں ، بائبلوں اور مقدس کتابوں کو توڑا اور جلایا گیا۔انتہائ درجہ کی تذلیل اور بد ترین جہالت کا مظاہرہ کیا گیا۔اور وھاں کے مسیحی بے بسی سے اپنی جانیں بچانے کے لئے چھپتے پھر رہے تھے ۔بے حسی اور کچھ جنونیت کے خوف سے وہاں کے ٹرانسپورٹروں سے جب ان مجبور اور خوفزدہ لوگوں نے انہیں وھاں سے کہیں دوسری جگہ منتقل کرنے کا کہا تو انہوں نے صاف انکار کر دیا ۔
یہ یسوع المسیح کے پیروکار ،امن پسند اورصلح جو وہ لوگ ہیں ۔جو اپنے منجی کی محبت ،امن و سلامتی اور معافی کی تعلیمات پہ عمل پیرا رہتے ہیں ۔جنہیں حکم ملا ہے کہ "اپنے دشمنوں سے محبت رکھو"۔اپنے ستانے والوں کے لئے دعا کرو". انہیں معاف کرو ،اور ایک اور حکم کہ"اپنے پڑوسی سے اپنی مانند پیار کر"۔انہی کے 23گرجا گھروں کو جلایا گیا ،توڑا گیا ۔جس حد تک بن پڑا مقدس کتابوں کو پھاڑا ،جلایا اور بے حرمتی کی گئی ۔150 گھروں کو جلایاگیا، ان کی قیمتی چیزوں کو لوٹا گیا۔لوگوں کی عمر بھر کی پونجی چند لمحوں میں دیکھتے ہی دیکھتے راکھ کر دی گئی،کچھ لوٹ لی گئیں ۔اور وہ بے بسی کی تصویر بنے اپنی جانیں بچانے کے لئے کھلے آسماں تلے اور کھیتوں میں چھپتے رہے ۔
جب درجہ نفرت جہالت اور وحشت کا مظاہرہ اس دن جڑانوالہ میں ہوا اسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا ۔بستی تو کیا ان کے قبرستان کی قبروں تک کو نہ چھوڑا گیا۔وہاں سے بھی صلیبیں اکھاڑ کر توڑی گئیں ۔سمجھ سے باہر ہے کہ کونسا مذہب اس سب کی اجازت دیتا ہے ۔
ہمارے ملک کی اکثریت ہمارے مسلمان ہم وطن جس پیغمبر کو مانتے ہیں ،حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس 628ءمیں سینٹ کیتھرین کے چند متولی مدینہ آئے ،نبی اکرم ص نے انکی میزبانی فرمائ۔متولیوں نے رخصت ہونے سے پہلے عرض کیا "ہمیں خطرہ ہے کہ مسلمان جب طاقت ور ہو جائیں گے تو یہ ہمیں قتل اور ہماری عبادت گاہوں کوتباہ کر دیں گے"،تو آپ ص نے جواب دیا کہ"آپ لوگ مجھ سے اور میری امت سے محفوظ رہیں گے"۔متولیوں نے عرض کیا کہ ہم لوگ جب کوئی معاہدہ کرتے ہیں تو ہم وہ لکھ لیتے ہیں ،اپ بھی ہمیں اپنا معاہدہ تحریر فرما کر عنایت کر دیں ،تاکہ ہم مستقبل میں آپ ص کے امتیوں کو آپ ص کی یہ تحریر دکھا کر امان حاصل کر سکیں "۔آپ ص نے تحر یر لکھوائ اور تصدیق کے لئے اپنے دست-مبارک کا نشان لگایا اور عہد نامہ ان کے حوالے کر دیا ۔
سینٹ کیتھرین کی لائبریری جو دنیا کی دوسری قدیم لائبریری ہے،"عیسائیوں کے نام لکھا گیا خط"کے نام سے یہ خط وھاں موجود ہے ۔یہ دنیا کی واحد ایسی دستاویز ہے جس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دست_مبارک کا نشان موجود ہے
بانئ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947 کی وہ تاریخی تقریر ،جس میں پاکستان بننے سے متعلق خوشخبری دی گئی اور یہ کہ اس آزاد ملک میں بسنے والے ہر شہری (اقلیتوں سمیت) سب کو برابر کے حقوق اور آزادی کی ضمانت دی گئی کہ" پاکستان میں آپ آزاد ہیں،اپنے مندروں میں جائیں ،اپنی مساجد یا کسی اور عبادت گاہ میں ، اپ کا کسی مذہب ذات پات یا عقیدے سے تعلق ہو ۔کاروبار_مملکت کا اس سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔"۔تو سوال یہ اٹھتا ہے کہ پھر کیوں پاکستانی اکثریتی قوم نا ہی حضورِ اکرم ص اور نا ہی بانئ پاکستان کے حکم کو خاطر میں لاتی ہے ۔اور جس کا جہاں چاہے, جب اور جیسے دل چاہے مذہب کی آڑ میں نہتے ،کمزور اور پر امن شہریوں کی زندگی جہنم بنا دیتا ہے ۔
قیام_پاکستان کے وقت جب اقلیتی ووٹ کی ضرورت تھی تو مسیحوں کے لیڈر ایس پی سنگھا صاحب نے ووٹ پاکستان کے حق میں دیے کر اسی خطے میں رہںنے کا فیصلہ کیا ۔یوں ہم نے بھی قیام پاکستان میں اپنا حصہ ڈالا ۔اپنا کردار ادا کیا ۔ہم نسلوں سے اسی دھرتی میں بستے ہیں ,ہمارے آباؤاجداد اسی مٹی میں دفن ہیں ۔قیام_پاکستان سے لے کر اب تک اس کی تعمیر و ترقی میں سر گرم _عمل ہیں۔وہ چاہے طب کا میدان ہو۔ جس میں زخمیوں کی مرہم پٹی ہو ۔بیماورں کی دیکھ بھال ہو یا کوڑھ جیسے موذی مرض سے پاکستان کو نجات دلانا ہو ۔جس کے مریضوں کو ان کے خاندان والے بھی چھونا تو دور کی بات انہیں پاس رکھنے کی بھی ہمت نہیں کرتے ۔یہ ایک مسیحی بیٹی ڈاکٹر روتھ فاؤ ہی تھی جس نے ان کے علاج کا بیڑا اٹھایا ۔یا پھر اس قوم کے نونہالوں کو زیور-تعلیم سے آراستہ کرنا ہو ۔ہمارے ہم وطنوں سے "صفائ نصف ایمان ہے "ہم سنتے بھی ہیں اور مختلف جگہوں پہ لکھا ہوا پڑھتے بھی بہت ہیں ،لیکن اس وطن عزیز کی گلیوں ،گھروں اور دیگر جگہوں کی صفائی ہماری قوم ہی کے افراد کرتے ہیں ۔غلیظ بند گٹروں میں اتر کر انہیں کھولتے ہیں ۔ایک لمحے کو تصور کیجئے کہ اگر یہی غلیظ،بد بو دار پانی گھروں اور گلیوں میں کھڑا ہو جائے تو ایک عام شخص کے لئے چند ساعتیں اس بدبو کو برداشت کرنا عذاب لگتا ہے ،اور یہ سینٹری ورکر نہ صرف اسے برداشت کرتے بلکہ کئی افراد اپنی جانوں سے ہاتھ تک دھو بیٹھتے ہیں ۔انہیں اس بہادری کے لئے کوئی تمغہ دینا ،انہیں سراہنا تو بہت دور کی بات ،ان کے تو کوئ نام تک بھی نہیں جانتا ہو گا ،اپنے گھروں کے کفیل کھو کر ان گھرانوں پہ کیا گزرتی ہے ۔کسی کو علم نہیں ہوتا ۔
جب ہماری مسیحی قوم کے افراد پوری وفاداری، ایمانداری، محبت اور محنت سے اس ملک کی خدمت کرتے ہیں ،حق حلال کی روزی کماتے ہیں ۔اپنے فرائص پوری تن دہی سے ادا کرتے ہیں ،تو ہمیں بحیثیت پاکستانی شہری ہمارے پورے حقوق اور انصاف ملنا چاہیے ۔جڑانوالہ اور اس طرح کے دیگر افسوسناک اور دل خراش واقعات کی مکمل روک تھام کی جائے ۔ان کی عبادت گاہوں اور گھروں کے نقصانات کا فوری ازالہ کیا جائے ۔تاکہ وہ امن و سکون سے بلا خوف و خطر رہ سکیں ۔
آخر میں ایک تجویز ہے کہ معاہدہ ءسینٹ کیتھرین اور قائد اعظم محمد علی جناح کی قیام پاکستان سے متعلق وہ تاریخی تقریر مطالعہ ء پاکستان کی نصابی کتاب میں شامل کی جائیں ۔تاکہ تمام شہری اس سے روشناس ہوں اپنے حقوق اور فرائض سے بخوبی واقف ہو سکیں۔
مزید پڑھیں





