جمعہ، 13 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بیٹی کی شادی، بیٹے کی قربانی،تحریر:سید ضیغم حسن عابدی

نقطہ نظر
zaigham abidi syed

ہمارے معاشرے میں ایک لڑکی کی شادی نہ ہو رہی ہو تو یہ صرف اس کے گھر کا مسئلہ نہیں رہتا، پورا محلہ اس کا ذمہ دار بن جاتا ہے۔ کسی کی بیٹی کی عمر تیس سال ہو جائے تو رشتہ داروں کے مشورے شروع ہو جاتے ہیں، مائیں پریشان دکھائی دیتی ہیں، باپ کی نیندیں اڑ جاتی ہیں اور لوگوں کو اس لڑکی کے مستقبل کی فکر ستانے لگتی ہے۔ کہیں اجتماعی شادیوں کی تقریبات منعقد ہوتی ہیں، کہیں فلاحی تنظیمیں غریب لڑکیوں کے رشتوں اور شادی کے اخراجات کا انتظام کرتی ہیں۔ بظاہر یہ سب ہمدردی اور خیرخواہی کے کام ہیں، لیکن اس پورے منظرنامے میں ایک سوال کبھی نہیں اٹھتا کہ آخر شادی صرف لڑکی کا مسئلہ کیوں ہے؟ کیا اس رشتے میں لڑکا کسی دوسرے معاشرے سے آتا ہے؟ کیا اس کی عمر نہیں بڑھتی؟ کیا اسے گھر بسانے کی خواہش نہیں ہوتی؟ کیا اس کی زندگی میں تنہائی، محرومی اور معاشی مشکلات کوئی معنی نہیں رکھتیں؟


ایک لڑکی کی عمر بڑھ جائے تو اسے تشویش کی نظر سے دیکھا جاتا ہے، لیکن لڑکا پینتیس سال کا ہو جائے تو محفلوں میں اس کی شادی موضوعِ مزاح بن جاتی ہے۔ کوئی پوچھتا ہے ابھی تک تمہیں کسی نے پسند نہیں کیا؟ کوئی کہتا ہے تمہیں کون اپنی بیٹی دے گا؟ کسی کو اس کا قد چھوٹا لگتا ہے، کسی کو جسمانی ساخت پر اعتراض ہوتا ہے اور کوئی اس کی تنخواہ کا مذاق اڑاتا ہے۔ لڑکی کو رشتے میں مسترد کر دیا جائے تو اس کے جذبات کا خیال رکھنے کی بات ہوتی ہے، مگر لڑکے کو انکار ہو جائے تو اس کی شخصیت کا پوسٹ مارٹم شروع ہو جاتا ہے۔ عجیب معاشرہ ہے جہاں عورت کے لیے انکار ایک تکلیف دہ تجربہ ہے اور مرد کے لیے محفل میں سنانے والا لطیفہ۔


اصل مسئلہ صرف یہ نہیں کہ لڑکے کی شادی کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا، بلکہ یہ ہے کہ اس کی شادی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے میں بعض اوقات اس کا اپنا خاندان بھی پیش پیش ہوتا ہے۔ ایک نوجوان ملازمت شروع کرتا ہے تو اس کی تنخواہ پر سب سے پہلا حق خاندان کا سمجھا جاتا ہے۔ گھر کا کرایہ، بجلی کے بل، والدین کے اخراجات، بہن بھائیوں کی تعلیم، رشتہ داروں کے لین دین اور خاندان کی دوسری ضروریات سب اسی کے ذمے لگا دی جاتی ہیں۔ وہ اپنی شادی کے لیے کچھ رقم جمع کرنے کی کوشش کرے تو گھر کا کوئی نیا مسئلہ سامنے آ جاتا ہے۔ سالہا سال وہ اپنی خواہشات قربان کرتا رہتا ہے۔ پھر ایک دن وہی لوگ اس سے سوال کرتے ہیں کہ تم شادی کیوں نہیں کر رہے؟ پیسے جمع کیوں نہیں کیے؟ گھر کیوں نہیں بنایا؟ بھائی، پیسے جمع ہونے بھی دیں گے؟ ہر ماہ تمہاری جیب سے خاندان کا بجٹ پورا کیا جائے گا تو تم اپنی زندگی کے لیے سرمایہ کہاں سے لاؤ گے؟


ہمارے ہاں لڑکے کی شادی سے پہلے اس کی مالی حیثیت کا ایسا امتحان لیا جاتا ہے جیسے وہ کوئی رشتہ نہیں بلکہ خاندان خریدنے جا رہا ہو۔ اسے گھر بھی چاہیے، اچھی ملازمت بھی، گاڑی بھی، مستقل آمدن بھی اور شادی کے تمام اخراجات بھی خود ہی اٹھانے ہیں۔ دوسری طرف لڑکی کے لیے جہیز جمع کرنے کی روایت کو تو ہم نے سماجی لعنت قرار دے دیا، لیکن کیا شادی کو مہنگا بنانے والی باقی تمام روایات ختم ہو گئی ہیں؟ کیا کسی نے مہندی، مایوں، ڈھولکی، برائیڈل شاور، مہنگے پارلر، عروسی لباس اور فوٹو شوٹ کی اس دوڑ پر سوال اٹھایا ہے جس نے متوسط طبقے کے لیے شادی کرنا ایک مالی امتحان بنا دیا ہے؟


ہم جہیز کے خلاف تقریریں کرتے ہیں، مگر مہندی پر لاکھوں روپے خرچ کرنے کو خوشی کہتے ہیں۔ دلہن کے عروسی لباس کی قیمت کئی ماہ کی تنخواہ کے برابر ہو تو اسے فیشن کا نام دیا جاتا ہے۔ پارلر کے اخراجات، مہنگی سجاوٹ، فوٹوگرافی اور کھانوں کے انتظامات پر بے دریغ پیسہ خرچ کیا جاتا ہے۔ ایک دن کی تقریب کے لیے کئی ماہ کی آمدن جھونک دی جاتی ہے۔ پھر اگر کوئی شخص ان اخراجات پر اعتراض کرے تو جواب ملتا ہے کہ بیٹی کی شادی زندگی میں ایک ہی بار ہوتی ہے۔ گویا بیٹی کی زندگی میں ایک بار آنے والی خوشی کے نام پر باپ کی جمع پونجی ختم کرنا بھی ضروری ہے۔ سوال یہ ہے کہ شادی کی خوشی کا تعلق نکاح سے ہے یا اس بات سے کہ دلہن کا لباس کس ڈیزائنر نے تیار کیا، میک اپ کس مشہور پارلر سے ہوا اور مہندی میں کتنے لاکھ کے انتظامات کیے گئے؟


ہم نے جہیز کو لعنت کہہ کر ایک طرف رکھ دیا، لیکن اس کی جگہ نت نئی معاشرتی خواہشات کھڑی کر دیں۔ اب لڑکی کے گھر والوں سے براہِ راست سامان نہیں مانگا جاتا، مگر شادی کے اخراجات اور تقریبات کا ایک ایسا معیار قائم کر دیا گیا ہے جسے پورا کرنے کے لیے دونوں خاندان اپنی استطاعت سے بڑھ کر خرچ کرتے ہیں۔ یہ بھی ایک طرح کا معاشرتی دباؤ ہے، فرق صرف اتنا ہے کہ اب اس کا نام روایت، فیشن اور خوشی رکھ دیا گیا ہے۔


اس سارے معاملے میں سب سے دلچسپ کردار ہمارا معاشرہ ادا کرتا ہے۔ وہ غریب لڑکی کی شادی کے لیے چندہ جمع کر سکتا ہے، اجتماعی شادی کا اہتمام کر سکتا ہے، جہیز کا سامان فراہم کر سکتا ہے، لیکن کبھی اس نوجوان کے بارے میں اجتماعی طور پر نہیں سوچتا جو معمولی تنخواہ میں والدین اور بہن بھائیوں کی ذمہ داریاں اٹھاتے اٹھاتے اپنی شادی کی عمر گزار رہا ہے۔ اس کے لیے کوئی اجتماعی کوشش نہیں، کوئی ہمدردانہ مہم نہیں، کوئی ایسا سوال نہیں کہ آخر ایک نوجوان اپنی زندگی کب شروع کرے گا؟ اسے تو بس یہ کہا جاتا ہے کہ مرد بنو، ذمہ داری اٹھاؤ۔ گویا مرد پیدا ہونے کے بعد اس کی اپنی زندگی، اپنی خواہشات اور اپنے خوابوں پر خاندان کا حق قائم ہو جاتا ہے۔


شاید ہمیں یہ تسلیم کرنے میں ابھی بہت وقت لگے گا کہ مرد ہونا مالی مشین ہونا نہیں ہے۔ ہر مرد کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا بھی ایک گھر ہو، کوئی اس کا انتظار کرے، کوئی اس کی تھکن محسوس کرے اور کوئی اس سے صرف اس کی تنخواہ یا ذمہ داریوں کی وجہ سے نہیں بلکہ اس کی ذات کی وجہ سے محبت کرے۔ لیکن ہم نے مرد کے حصے میں صرف ذمہ داریاں لکھی ہیں اور عورت کے حصے میں صرف معاشرتی تشویش۔ دونوں کی زندگی کے حقیقی مسائل اپنی جگہ موجود ہیں، مگر ان پر بات کرنے کے بجائے ہم نے ایک کو ہمدردی اور دوسرے کو طنز کے حوالے کر دیا ہے۔


شادی دو انسانوں کا معاملہ ہے، لیکن ہمارے معاشرے میں فکر صرف لڑکی کی ہوتی ہے اور خرچہ لڑکے کا۔ لڑکی کی عمر نکلنے کا خوف سب کو ہے، لڑکے کی جوانی گزرنے کا حساب کسی کے پاس نہیں۔