شام کا وقت تھا۔ میرپور خاص کی ایک پرانی گلی میں سورج آہستہ آہستہ ڈوب رہا تھا۔ گلی کے کونے پر دادا جان کا پرانا گھر تھا، جس کی دیواریں اب جگہ جگہ سے اکھڑ چکی تھیں مگر اس کے آنگن میں اب بھی وہی پرانا نیم کا درخت کھڑا تھا۔ ہوا میں مٹی کی سوندھی خوشبو تھی اور دور سے مسجد سے نعت پڑھنے کی آواز آ رہی تھی۔
آنگن میں چارپائی پر چچی زرینہ بیٹھی سبزی کاٹ رہی تھیں۔ ان کے پاس ان کی چھوٹی بیٹی آیت بیٹھی تھی، جو سات سال کی تھی اور اپنی گڑیا کو دوپٹہ اوڑھ رہی تھی۔ ان کا بڑا بیٹا زید، جو بارہ سال کا تھا، آنگن میں سائیکل کا پنکچر لگا رہا تھا اور بار بار اپنے ابا کو دیکھ رہا تھا۔
برآمدے میں چچا سلیم بیٹھے تھے۔ عمر پچاس کے قریب، چہرے پر تھکن، ہاتھ میں موبائل، جس پر وہ بار بار کسی پلاٹ کے ریٹ دیکھ رہے تھے۔ ان کے سامنے بھتیجا احان کھڑا تھا۔ احان کی عمر چوبیس سال تھی، یونیورسٹی سے فارغ ہو چکا تھا، آنکھوں میں خواب اور دل میں دادا کی یادیں زندہ تھیں۔
چچا نے احان کو بغیر دیکھے کہا، " میں نے فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ گھر بیچنا ہے۔"
آنگن میں ایک دم خاموشی چھا گئی۔ چچی زرینہ کے ہاتھ جو سبزی کاٹ رہے تھے ساکت ہو گئے۔ آیت نے اپنی گڑیا کو سینے سے لگا لیا۔ زید نے سائیکل چھوڑ دی۔
احان نے حیرت سے چچا کو دیکھا۔ "چچا، یہ گھر؟ یہ تو دادا جان کی نشانی ہے۔ اسی آنگن میں ہم نے عیدیں منائی ہیں۔ اسی نیم کے نیچے دادا ہمیں کہانیاں سنایا کرتےتھے۔"
چچی زرینہ نے آہستہ سے کہا، "سلیم صاحب، آپ نے بچوں سے بھی نہیں پوچھا۔ یہ گھر صرف آپ کا نہیں ہے، یہ سب کا ہے۔ آیت تو روز کہتی ہے، امی، جب میں بڑی ہو جاؤں گی تو اسی آنگن میں، میری مہندی لگے گی۔"
چچا سلیم نے کرسی سے ٹیک لگائی اور تھکی ہوئی آواز میں بولے، "زرینہ، تمہیں کیا پتا، قرضہ کتنا چڑھ گیا ہے۔ تمہاری دوائی، زید کی فیس، آیت کے اسکول کا خرچہ، سب کچھ ہے اب یہ گھر بکے گا تو ہی کچھ ہوگا۔ یہ زمین اب سونا بن گئی ہے، لوگ منہ مانگی قیمت دے رہے ہیں۔"
زید آگے آیا اور ڈرتے ڈرتے بولا، "ابا، ہم یہ گھر چھوڑ کر کہاں جائیں گے؟ میرے سارے دوست اور میرا اسکول بھی یہاں سے قریب ہے۔" چچا نے زید کو غصے سے دیکھا، "تم چپ رہو، بڑوں کی باتوں میں نہیں بولتے۔"
احان نے زید کے سر پر ہاتھ رکھا اور کہا، "چچا، زید ٹھیک کہہ رہا ہے۔ بچے بھی اس گھر سے جڑے ہوئے ہیں۔"
چچا نے موبائل میز پر زور سے رکھا۔ "احان، میں نے ساری عمر تمہارے ابا کے حصے کی بھی ذمہ داری اٹھائی۔ تمہارے ابا کے جانے کے بعد میں نے تمہیں باپ بن کر پالا۔ اور آج تم مجھے ہی سکھا رہے ہو؟"
گھر میں خاموشی چھا گئی۔ نیم کے پتے ہوا سے ہل رہے تھے، جیسے وہ بھی یہ جھگڑا سن کر اداس ہو گئے ہوں۔
چچی زرینہ اٹھ کر آئیں، انہوں نے چچا کے کندھے پر ہاتھ رکھا اور نرم لہجے میں بولیں، "سلیم صاحب، غصہ نہ کریں۔ احان آپ کا بیٹا ہے۔ اس نے کبھی آپ کو برا نہیں کہا۔ یہ تو بس یہ کہہ رہا ہے کہ ہمیں مل کر سوچنا چاہیے۔ آپ اکیلے کیوں سب بوجھ اٹھاتے ہیں؟ میں بھی ہوں، احان بھی ہے۔"
آیت دوڑ کر اپنے ابا کے پاس گئی اور ان کی گود میں بیٹھ گئی۔ "ابا، آپ یہ گھر مت بیچیں نا۔ میں نے اپنی گڑیا سے وعدہ کیا ہے کہ ہم اسی گھر میں رہیں گے۔"
چچا سلیم کی آنکھیں بھر آئیں۔ انہوں نے آیت کو سینے سے لگا لیا۔ انہیں یاد آیا، جب احان چھوٹا تھا تو اسی آنگن میں دوڑتا تھا اور کہتا تھا، "چچا، یہ گھر میرا ہے۔"
احان نے چچا کے پاؤں کے پاس بیٹھ کر کہا، "چچا، میں آپ کو سکھا نہیں رہا۔ میں تو بس یہ کہہ رہا ہوں، یہ گھر نہ بیچیں۔ میں نے دو جگہ انٹرویو دیا ہے۔ میں نوکری کر لوں گا۔ ہم مل کر قرضہ اتار دیں گے۔ آپ نے مجھے بیٹا کہا ہے نا، تو بیٹے کو بھی تو موقع دیں۔"
چچی زرینہ نے آنکھوں میں آنسو لیے کہا، "سلیم صاحب، مجھے دوائی نہیں چاہیے، مجھے یہ گھر چاہیے۔ اس گھر میں میرے سسر کی دعائیں ہیں۔"
کچھ دیر سب خاموش رہے۔ صرف ہوا کی سرسراہٹ تھی اور دور سے بچوں کے کھیلنے کی آوازیں آ رہی تھیں۔ زید نے آہستہ سے اپنی بہن آیت کا ہاتھ پکڑ لیا۔
آخر چچا نے لمبی سانس لے کر کہا، "احان، تم سب نے میرا دل جیت لیا۔ میں تھک گیا تھا بیٹا۔ مجھے لگا، زمین بیچ کر سب ٹھیک ہو جائے گا لیکن تم نے یاد دلا دیا، زمین بک جاتی ہے مگر رشتے نہیں بکتے۔"
احان نے مسکرا کر کہا، "چچا، ہم اس گھر کو نہیں بیچیں گے۔ ہم آپ کے ساتھ مل کر اس کو پھر سے آباد کریں گے۔"
چچا نے احان کو گلے لگا لیا، چچی نے آیت اور زید کو گلے لگا لیا۔ اس وقت شام کا سورج پوری طرح ڈوب چکا تھا مگر آنگن میں ایک نئی روشنی پھیل گئی تھی۔ نیم کا درخت بھی جیسے خوش ہو کر جھوم رہا تھا۔ اس دن احان کو سمجھ آ گیا کہ اصل جائیداد زمین نہیں ہوتی، اصل جائیداد وہ رشتے ہوتے ہیں، جو دیوار کے اس پار بھی، دیوار کے اس پار بھی، ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔
مزید پڑھیں





