زندگی میں بے فیض نہ بنیں ،تحریر:تنزیلۃ الرحمٰن
نقطہ نظراللہ تعالیٰ نے انسان کو زندگی جیسی عظیم نعمت سے نوازا ہے۔ کچھ لوگ اپنی زندگی کے انہی اوقات کا صحیح استعمال کر کے اپنی دنیا اور آخرت کو سنوارتے ہیں تو کچھ لوگ انہی قیمتی لمحات کو فضول کاموں میں ضائع کر دیتے ہیں۔ وقت کی قدر کا اندازہ سورہ العصر سے واضح ہوتاہے۔
اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
" قسم ہے زمانےکی، بیشک انسان خسارے میں ہے"۔
وقت کا صحیح استعمال انسان کو منظم بناتا ہے، زندگی میں نکھار پیدا کرتا ہے ۔ زندگی میں انسان کو عطا کردہ اوقاتِ کار، نظارے ،رعنائیاں سبھی کو یکساں مہیا کیے گئے ہیں۔ عقلمند انسان ان خوبصورت نظاروں سے، کائنات میں غور وفکر سے تدبر وتفکر سے اپنی دنیا کو حسین بناتے ہیں اور نیک لوگوں کی صفات میں بھی شامل ہوتے ہیں جس کا اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں ذکر فرمایا۔
آسمان اور زمین کی پیدائش میں اور رات دن کے بدلنے میں اہل عقل کے لیے نشانیاں ہیں"۔( 3 : 90)
اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں سے نہ صرف فائدہ اٹھاتے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی زندگی جینے کا فن سکھاتے ہیں۔
کوئی اپنی زندگی میں پھول چنتا رہتا ہے اور کوئی کانٹوں سے الجھا رہتا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے اس دنیا کو بہت خوبصورت اور حسین بنایا ہے۔ قصور ہمارا اپنا ہے کہ ہم خود کو بہت زیادہ مسائل میں الجھائے رکھتے ہیں حالانکہ انہی مشکلات و مسائل سے نکلنے کے لیے اپنے عقل کا استعمال کرکے اور علم و حلم سے کام لیکر آسانی سے نبردآزما ہوسکتے ہیں۔
کبھی ہم اپنے قدرتی مناظر پر غور کریں،کچھ وقت اِن کے ساتھ گزاریں، کچھ اپنی فطرت سلیمہ پر نظر دوڑائیں جس پر ہمیں پیدا کیا گیا ہمارے مسائل ہمیں چھوٹے محسوس ہوں گے۔
کبھی رات کے وقت کھلے آسمان پر ایک نگاہ ڈالیں خوبصورت تاروں بھرا آسمان، چاند کی ٹھنڈی میٹھی روشنی، ہلکی ہلکی ہوا ، وسیع و عریض آسمان بغیر کسی ستون کے۔
یہ سب خوبصورتی کس کے لیے ہے؟
ہمارے لیے ،میرے لیے آپ کے لیے۔ یہ دنیا اس کی رنگینی، خوبصورتی، زمین آسمان، چرند پرند ،دریا سمندر، پہاڑ ، قدرتی کے حیسن نظارے، پھل پھول، باغات، یہ سہانے موسم، کائنات میں آرائش و زیبائش یہ سب ہمارے لیے ہے۔ پوری کائنات کو اللہ تعالیٰ نے انسان کے لیے مسخر کردیا۔ پوری کائنات ایک کھلی کتاب کی مانند ہے۔ مگر ایک حضرت انسان جو اپنے چھوٹے مسائل کو لیکر پریشان ہے۔
نہ تو زمیں کے لیے نہ آسماں کے لیے
یہ جہاں ہے تیرے لیے، تو نہیں جہاں کے لیے
کبھی کسی چھوٹے بچے کی مسکراہٹ دیکھیں جو بغیر کسی وجہ کے خوش ہوتا ہے، کبھی پھلوں کو کھا کر ان کے ذائقے کی لذت کو محسوس کریں، کبھی اپنے آپ کو دنیاوی تفکرات سے بالکل آزاد کردیں۔
کسی ایک دن یہ سب محسوس کرکے دیکھیں تو دل میں اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کے تشکر کا جذبہ پیدا ہوگا۔ زندگی ایک تحفہ ربانی محسوس ہوگی۔
کیا ہم نے اپنے آپ کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا یا لوگوں کے طعنہ تشنع پر؟
اگر ہم اپنے آپ کو دوسروں کے رحم وکرم پر چھوڑ رہے ہیں یا اداس چہرہ کسی کو دکھا رہے ہیں تو یہ اپنے خلاف اعلان جنگ ہے۔
اپنے زندگی کے ایک ایک لمحے کو صرف گزاریں نہیں بلکہ جئیں۔ دوسروں کے لیے خوشی کا پیام بن جائیں، ان کو جینا سکھا دیں۔ زندگی میں کچھ بھی بن جائیں مگر بے فیض نہ بنیں۔ ہماری ذات سے کسی کو فائدہ تو پہنچے مگر نقصان نہ پہنچے۔
آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرمان کا مفہوم ہے:
"لوگوں کے ساتھ آسانی کرو، سختی نہ کرو، لوگوں کو خوشخبری سناؤ، متنفر نہ کرو"۔
نہ صرف اپنی زندگی میں امید کا دیا جلائیں بلکہ اپنے چمن( اردگرد کے ماحول) کو بھی روشن کردیا۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی زندگی کی قدردانی نصیب فرمائیں اور ہماری زندگی کو نافع بنا دیں۔ آمین یارب العالمین!
مزید پڑھیں





